الطاف بخاری، میری بات سنو احترام کے ساتھ
رشید پروین
7006410532
سیدالطاف بخاری، اپنی پارٹی کے صدر اور پروپرائٹر نے بڑی مدت کے بعد ایک پریس کانفرنس کی ہے۔جس نے بہر حال بڑی مدت کے بعد اپنی طرف توجہ مبذول کی ہے اور اس پریس کانفرنس میں الطاف صاحب نے جو مطالبے سامنے رکھے ہیں ہم سنجیدگی سے ان پر غور کریں گے تو بڑے اہم بھی ہیں اور سرکار و عوام دونوں کے لئے زبردست اہمیت اور افادیت کے حامل بھی قرار دئے جاسکتے ہیں ، ان مطالبات میں کوئی ایسی بات نہیں جو موجودہ سرکار کی پالیسیوں کے خلاف ہو بلکہ یہ مطالبات عوامی نہج کی تبدیلی میں اہم کرداربھی ادا کر سکتے ہیں اور سرکار سے متعلق عوامی سوچ کو نئی منزلوں کی طرف بھی گامزن کرسکتی ہے اور ساتھ ہی بہت سارے وہ خدشات جوابھی عوامی سطح پر موجود ہیں ان کا ازالہ بھی کسی حد تک ہوسکتا ہے ، یہ پریس کانفرنس بڑی دیر کے بعد انہوں نے شاید کی ہے ، بڑی دیر یوں کہ یہ پارٹی 2024میں کوئی بھی سیٹ حاصل نہیں کرسکی تھی ، ظاہر ہے کہ ۴۶ سیٹوں پر الیکشن مقابلے میں آنے کے باوجود صفر ہی رہی،، جس کی وجوہات بہت ساری تھیں ۔ لیکن بہرحال اس دھچکے کے بعد یہ پا ر ٹی جیسے عوام کے اذہان سے ہی اتر گئی، اس کے باوجود کہ پارٹی موجود ہے، دفتربھی موجود ہے اور وقفے وقفے کے بعد پریس اور میڈیا میں زندہ بھی ہے ، اس سے پہلے کہ اس پریس کانفرنس کا جائزہ لیا جائے جس نے پھر ایک بار اس پارٹی کی مناسبت سے مثبت سوچ و فکر کا ہیولا تیار کیا ہے ،سید الطاف اور اس پارٹی کا مختصر سا تعارف اس لحاظ سے بہتر رہے گا تاکہ آپ کے ذہن میں اس کا پسِ منظر تازہ ہو۔
سید الطاف بخاری جموں و کشمیر کے دولت مند ترین افراد میں شمار ہوتے ہیں ، ڈائیتھین کی وجہ سے بہت ہی معروف بزنس ٹائیکون ہیں ، پہلی بار سیاسی آسمان میں اس وقت طلوع ہوئے جب مفتی مر حوم نے پی ڈی پی کی سنگ بنیاد ڈالی تھی ، امیرا کدل حلقے سے انتخابات جیتے اور اسمبلی میں آگئے ، پی ڈی پی ہی میں منسٹری کے پد پر فائض ہوئے ۔محبوبہ مفتی ۴ اپریل ۲۰۱۶ سے ۲۰جون ۲۰۱۸ تک جموں و کشمیر کی چیف منسٹر رہیں ،سید الطاف کو محبوبہ نے منسٹری کے پد سے دور رکھا لیکن مسلسل مرکزی دباو کی وجہ سے وہ پھر ایک بار اسی سرکار میں ایجوکیشن منسٹری پر متمکن ہوئے ۔اپنی تمام وفاداریوں کے باوجود بی جے پی نے اچانک محبوبہ سرکار گرادی تھی ، ظاہر ہے کہ سیاسی بیک گراونڈ نہ رکھنے کے باوجود الطاف صاحب سیاسی پینترے بازی اور سیاسی قلابازیوںکے ماہر ہیں ، ’’اپنی پارٹی ‘‘سید الطاف بخاری کی کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔۔ جس سے انہوں نے ۸ مارچ 2020 کولانچ کیا تھا ، جمہوریت میں اس بات پر کوئی قد غن نہیں اور نہ ہی کسی شہری پر کوئی نئی سیاسی پارٹی بنانے اور چلانے کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے ،،لیکن کسی بھی نئی پارٹی کے خدو خال اور عناصر تراکیبی اس پارٹی کے اہداف اور منازل سمجھنے میں آسانیاں فراہم کرتے ہیں ، دیکھا جائے تو نئے ماحول میں یوں بھی بہت زیادہ مغز کھپائی کی کوئی ضرورت نہیں بنتی کیونکہ تمام نئی اور پرانی سیاسی پارٹیوں کا آخری مقصد ’’اقتداربرائے ذات ‘‘ہوکے رہ گیا ہے ۔ جس سے تعمیر و ترقی کے لباس میں ملبوس کیا جاتا ہے اس نئی پارٹی نے بھی تعمیر و ترقی کو ہی اپنا اوڈھنا بچھونا بنایا ۔
اپنے روڈ میپ میں جموں و کشمیر کوریاست کا درجہ واپس دلانے اور جموں و کشمیر کے باشندوں کو زمینی اور ملازمتوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کی بات کی ہے ، اس نئی پارٹی نے ۳۵اے اور دفعہ ۳۷۰ کا کوئی تذکرہ اپنے جاری کردہ روڈ میپ میں نہیں کیا تھا ، کھلے الفاظ میں اس بات کا اظہار کیا تھا کہ یہ باتیں اب قصہ پارینہ ہیں جن کے بارے میں سوچنا اور بحث و تمحیص بھی وقت کا زیاں ہی ہوگا۔انہوں نے بڑے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ وہ مر حوم بخشی غلام محمد کے سیاسی نظرئے کو درست سمجھتے ہیں جن کا مقصد ’’تعمیر و ترقی ‘‘کے سوا کچھ نہیں تھا ، اس میں کوئی شک نہیں کہ ۵ اگست 2019کے بعد کشمیر میں کوئی سیاسی آواز باقی نہیں بچی تھی کیونکہ ہند نواز اور۔ ہند بیزار۔ دونوں طرح کی قیادتیں سلاخوں کے پیچھے تھیں ،نئی پارٹی میں جو لوگ شامل ہوئے تھے ،جنہوں نے اس پارٹی کی تشکیل میں حصہ لیا تھا یا جو اس نئی عمارت کے ستون کہلائے جاسکتے تھے ، خو د کتنے قد آور اور عوامی زمین میںاُن کی جڑیں کتنی گہری تھیں ؟ یہ سب لوگ مختلف پارٹیوں اور سرکاروں سے منسلک رہے تھے اور اپنی پارٹیاں بدلتے بھی رہے تھے ۔ ابھی تک ان میں سے بہت سے چہرے عوامی سطح پر غیر معروف ہی تھے ،،،خود سید الطاف بخاری بھی سیاسی شخصیت سے زیادہ لمبے چوڑے بزنس اور اثاثوں کی بنیاد پر ہی زیادہ پہچانے جاتے تھے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ کانگریس نے اس نئی پارٹی کو۔( زعفرانی پارٹی)، نیشنل کانفرنس نے اسے ( دہلی کی تخلیق) اور پی ڈی پی نے اس سے (بی جے پی) کی بی ٹیم کے نام سے موسوم کیا ہے ۔مگر ان باتوں میں کوئی خاص وزن اس لحاظ سے نہیں کہ نیشنل کانفرنس ،اور پی ڈی پی جو یقینی طور پر علاقائی پارٹیاں ہیں مرکزی سرکار کی باجگذار اور زیر سایہ ہی کام چلاتی رہی ہیں اور ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔اپنی پارٹی نے سٹیٹ ہڈ کی بحالی ، زمین کے مالکانہ حقوق اور سرکاری دفاتر میں مقامی باشندوں کے لئے جگہیں مخصوص رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس مطالبے کے لئے جموں ، کشمیر اور لداخ تینوں خطوں کے عوام متحد اور منظم ہیں اور تینوں خطے اس مطالبے کو اپنی بقا کا مسلہ سمجھتے ہیں۔بہرحال اپنی تازہ پریس کانفرنس میں الطاف بخاری نے سر کار سے اپیل کی ہے کہ 1990کی دہائی کے ناسازگار حالات سے متعلق مقدمات کا سامنا کرنے والے یا جیلوں میں بند افراد کے لئے عام معافی کا اعلان کیا جائے،، انہوں نے یہ حقیقت آگے لائی ہے کہ 1990کی دہائی میں جموں کشمیر کی ایک پوری نسل دریائی بہاو کے ساتھ بہہ چکی تھی جو ملکی سالمیت کے خلاف تھی ،، لیکن بہر حال ایک طویل عرصہ گذرنے کے بعد نئی راہوں پر چلنے کے لئے راستے ہموار کئے جانے چاہئیں ،اور یہ کوئی ناممکن بات نہیں کیونکہ ایسا ہوتا رہا ہے اوران اقدامات سے لوگ کھلے دل سے مینسٹریم میں آکر امن اور چین سے زندگی گذارنے کے قابل ہوسکیں گے اور یہ عوام کا حق اور بنیادی ضرورت ہے ، دوسری اہم بات انہوں نے ریزرویشن پالیسی پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے ، جے اینڈ کے بینک ملازمتوں کی عمر بڑھانے اور بھاری بجلی بلوں کی ادائیگی میں ایمنسٹی کا مطالبہ کیا ہے ، انہوں نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ تمام ملک مختلف مراحل میں ایسے ادوار سے گذرتے ہیں لیکن حالات ٹھیک اور نارمل کرنے کی خاطر عوام کے خدشات اور ڈر و خوف دور کرنے کے لئے بھی سرکاروں کو اقدامات کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ، اور یہ اقدامات اسی سلسلے کی کڑیاں کہلائی جاسکتی ہیں ، متن ان کا یہی تھا ، ،،انہوں نے یہ اہم بات بھی کہی ہے کہ پلوں سے کافی پانی بہہ چکا ہے اور اب حالات اس نہج تک پہنچ چکے ہیں کہ ایک بڑے علیحدگی پسند لیڈر کی نواسی بھی مینسٹریم کی سیاست میں آنے کے لئے پر تول رہی ہے ، ،، ظاہر ہے کہ یہ ساری باتیں مثبت بھی ہیں اور اگر سرکار چاہئے تو عوام کے لئے چند ایسے اقدامات کرکے امن اور شانتی کے لئے راہیں ہموار بھی کر سکتی ہے اور ایسا نہیں لگتا کہ ان مطالبات میں کوئی بھی مطالبہ ناممکن یا ملکی سالمیت کے خلاف قرار دیا جاسکتا ہے ، ہمیں معلوم ہی ہے کہ اس وقت بہت سارے نوجوان اپنے قریبی رشتوں کی وجہ سے پاسپورٹ کے حصول میں انتہائی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اگر چہ یہ نوجوان اُس دور کے بعد کی پیداوار ہیں ، لیکن سزا انہیں مل رہی ہے جس سے مایوسی ہی بڑھنے کے خطرات ہوسکتے ہیں ،کیونکہ یہ نوجوان نسل اس دور میں جب پیدا ہی نہیں ہوئی تھی تواس سے عتاب کا شکار بنانا کسی طرح سے نہ تو مناسب ہے اور نہ انہیں اس بنیاد پر ملازمتوں اور پاسپورٹوںسے محروم رکھنا کسی طرح سے انصاف کی بات ہوسکتی ہے ، یہ نسل حیران و پریشان اپنی بد قسمتی پر تاسف اور مایوس ہونے کے علاوہ اور کیا کرسکتی ہے جو ملک کے لئے کوئی اچھی بات نہیں ہوسکتی ،، بخاری نے ریزرویشن پالیسی کا جامع جائز ہ لینے کی بات کی ہے۔
اوراس اہم بات کی طرف اشارہ کیا ہے کہ کشمیر کی ۷۰فیصدی تقریباً صرف ۳۰ فیصدملازمتوں کے اوپن میرٹ کے زمرے میں مقابلہ کر رہی ہے جس سے کشمیری نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے انتہائی کم مواقع رہ گئے ہیں اور اب کشمیر میں بہت کم کشمیری ملازم نظر آتے ہیں ۔ ان مطالبات اور نقاط کی درستگی اور صحت مندی میں کسی قسم کا کوئی اختلاف ممکن نہیں ، پارٹی یا پارٹی لیڈر سے لاکھ اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن ، یہ حقایق ہیں اس دور کے انتہائی اہم نقطے ہیں جن پر انہوں نے بات کی ہے ، کیونکہ ان تین چار نقاط میں نہ صرف دم ہے بلکہ ہر کشمیری اور خصوصاً اس نوجوان نسل کے لئے یہ قد غنیں سوہانِ روح بنی ہوئی ہیں، بہت سارے نوجوان بلکہ ایک بڑی تعدا د ایسی ہے جو محض پاسپورٹ نہ ملنے کی وجہ سے اپنے تابناک مستقبل سے نا امید اور محروم ہیں جو اس دور کے بعد پیدا ہوئے تھے اور جنہیں اس ٹرمائل کا کوئی تصور بھی نہیں ، سو ہمیں نہیں معلوم کہ موجودہ مرکزی سرکار ان نقاط کو خاطر میں لائے گی یا ان پر سنجیدگی سے غور کرے گی کہ نہیں لیکن یہ وہ چنگاریاںہیں جو راکھ کے ڈھیروں میں پنہاں ہیں اور سب سے بڑی بات یہ کہ یہ نسل ان گناہوں کی سزا بھگت رہی ہے جن کے بارے میں انہیں کچھ پتہ ہی نہیں اور جو ان سے سر زد ہی نہیں ہوئے ، سرکاریں امن اور چین کے لئے ہر طرح کے لوگوں سے مذاکرات بھی کرتی ہیں اور امن و اماں کو موقع دینے کے لئے عام معافیوں کا اعلان بھی کرتی ہے ، تاکہ ملک ہر قسم کے انتشار سے پاک ہوکرتعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے ۔ اگر وہ سب لوگ بھی زندگی کی مثبت رو میں آکر اپنا سفر شروع کرنا چاہتے ہیں تو انہیں محروم نہیں کیا جاسکتا ، یہ قوم اور ملکی مفاد میں نہیں ہوگا۔
