غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں نے نومبر میں 17 ارب ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری کی
ممبئی، 29 نومبر (یو این آئی) غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں (ایف پی آئی) نے نومبر میں (27 تاریخ تک) ہندوستانی سرمایہ بازار میں ریکارڈ 17.32 ارب ڈالر (162410 کروڑ روپے) کی خالص سرمایہ کاری کی۔اب اس مہینے میں صرف ایک دن کاروبار باقی ہے اور سرمایہ کاری کا نیا ریکارڈ بننا تقریباً طے ہے۔ اس سے پہلے صرف 2 مواقع ایسے رہے ہیں جب ایف پی آئی نے ایک ہی مہینے میں ہندوستانی سرمایہ بازار میں 10 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔ دسمبر 2023 میں انہوں نے 10.15 ارب ڈالر کی خالص سرمایہ کاری کی تھی۔ اس کے بعد ستمبر 2024 میں انہوں نے 11.16 ارب ڈالر کی خالص خریداری کی تھی، جو اب تک کا ریکارڈ ہے۔ خالص سرمایہ کاری سے مراد بازار میں لگائی گئی رقم اور بازار سے نکالی گئی رقم کے درمیان فرق ہے۔
ایف پی آئی نے اس مہینے اب تک سب سے زیادہ سرمایہ کاری حصص میں کی ہے۔ انہوں نے حصص میں 16.39 ارب ڈالر لگائے ہیں۔ قرضی سرمایہ کاری اور میوچوئل فنڈ میں بھی ان کی سرمایہ کاری مثبت رہی ہے، جبکہ ہائبرڈ مالیاتی ذرائع سے انہوں نے ایک کروڑ ڈالر نکالے ہیں۔ڈیٹ میں ایف پی آئی نے 85.7 کروڑ ڈالر کی خالص سرمایہ کاری کی ہے۔ میوچوئل فنڈ میں ان کی سرمایہ کاری اس مہینے 8.2 کروڑ ڈالر بڑھی ہے۔ اس سے پہلے اکتوبر میں ایف پی آئی نے 2.51 ارب ڈالر اور ستمبر میں 6.11 ارب ڈالر کی خالص رقم نکالی تھی۔موجودہ تقویمی سال میں ایف پی آئی نے اب تک ہندوستانی سرمایہ بازار سے 7.22 ارب ڈالر کی خالص رقم نکالی ہے۔ حصص میں ان کی سرمایہ کاری 15.02 ارب ڈالر کم ہوئی ہے۔ ڈیٹ اور میوچوئل فنڈ میں وہ خریدار رہے ہیں، جبکہ ہائبرڈ مالیاتی ذرائع سے انہوں نے سرمایہ نکالا ہے۔
