زمینوں پر قبضے کے معاملے میں سخت کارروائی کی جائے گی – وزیر اعلی یوگی
گورکھپور، 29 نومبر (یو این آئی) گورکھ ناتھ مندر میں رات گزارنے کے بعد اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کی صبح جنتا درشن میں مختلف اضلاع کے لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اور عہدیداروں کو عوامی مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایت دی۔ اس دوران انہوں نے زمینوں پر قبضے کی کچھ شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ایسے معاملات کی تحقیقات کریں اور سخت کارروائی کریں۔ ہر عوامی مسئلہ کا حل حکومت کی ترجیح ہے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے گورکھ ناتھ مندر کے احاطے میں مہنت ڈگ وجے ناتھ اسمرتی بھون کے سامنے منعقدہ عوامی درشن کے دوران کرسیوں پر بیٹھے لوگوں سے بذات خود ملاقات کی اور ایک ایک کر کے ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے تقریباً 150 افراد سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو انتہائی حساسیت کے ساتھ حل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کریں جو زمین پر ناجائز قبضہ کرتے ہیں اور کمزوروں کو بے گھر کرتے ہیں۔ زمین سے متعلق خاندانی تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے اور مساوی اشتراک کو یقینی بنایا جائے۔
