کھیل کھلاڑی

برطانیہ کے ڈنکن اور امریکہ کی اینی نے ہمالین 100 میل اسٹیج ریس جیتی

دارجلنگ(یواین آئی) برطانیہ کے ڈنکن کروٹینڈن اور امریکہ کی اینی ولیمز نے ہمالین 100 میل اسٹیج ریس کے بالترتیب مردوں اور خواتین کے زمرے کے خطاب جیت لیے۔

29 اکتوبر سے 2 نومبر تک منعقدہ اس مقابلے کے 35ویں ایڈیشن میں امریکہ، برطانیہ، چلی، میکسیکو، یوکرین اور ہندوستان سمیت کئی ممالک کے طویل فاصلے کے دوڑنے والوں نے حصہ لیا۔ دنیا کے قدیم ترین اور بین الاقوامی سطح پر معروف ایڈونچر کھیلوں کے مقابلوں میں شمار ہونے والی اس ریس کا کامیابی کے ساتھ اختتام دارجلنگ ہمالیہ میں ہوا۔

ماؤنٹ ایورسٹ اور کنچن جنگا کے شاندار پہاڑی سلسلوں کے سائے میں منعقدہ اس ریس کا راستہ دارجلنگ ہمالیہ کے خوبصورت پہاڑی مناظر، مشہور چائے کے باغات، گھنے جنگلات، دور دراز دیہات اور دشوار گزار ہمالیائی علاقوں سے گزرا۔ شرکا کو جسمانی چیلنج کے ساتھ قدرتی حسن اور مقامی ثقافت سے بھی روشناس ہونے کا موقع ملا۔ یہ مقابلہ برسوں سے دنیا کی خوبصورت اور مشکل ترین اسٹیج ریسوں میں شمار ہوتا ہے۔

ہمالین 100 میل اسٹیج ریس کے مردوں کے زمرے میں برطانیہ کے ڈنکن کروٹینڈن نے 24 گھنٹے 44 منٹ میں فاصلہ طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ چلی کے جولیو ڈوسال 28 گھنٹے 44 منٹ کے ساتھ دوسرے اور ہندوستان کے کرنل مندیپ مان 29 گھنٹے 10 منٹ کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے۔

خواتین کے زمرے میں امریکہ کی اینی ولیمز نے 32 گھنٹے 20 منٹ میں ریس جیت لی۔ ہندوستان کی شردھا کلکرنی 32 گھنٹے 50 منٹ کے ساتھ دوسرے اور برطانیہ کی سنوڈ فیمفورٹ 34 گھنٹے 58 منٹ کے ساتھ تیسرے مقام پر رہیں۔

ہمالین 100 کلومیٹر اسٹیج ریس کے مردوں کے زمرے میں ہندوستان کے رمن جیت اوبرائے نے 17 گھنٹے 33 منٹ میں فاصلہ طے کرکے پہلا مقام حاصل کیا۔ چلی کے کرسٹیان سیویوکنگ 18 گھنٹے 40 منٹ کے ساتھ دوسرے اور ہندوستان کے کرنل کے تھمیا اڈوپا 18 گھنٹے 59 منٹ کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے۔

خواتین کے 100 کلومیٹر زمرے میں میکسیکو کی ناہیلا ہرنانڈیز نے 14 گھنٹے 48 منٹ کے وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ میکسیکو کی میتزیتلی ایتوبے 15 گھنٹے 50 منٹ کے ساتھ دوسرے اور چلی کی کارولا کروز 16 گھنٹے 36 منٹ کے ساتھ تیسرے مقام پر رہیں۔

سینئر مرد اور سینئر خاتون شرکا کی ٹرافیاں بالترتیب کرسٹیان سیویوکنگ اور پشپا راؤ کو دی گئیں۔ سب سے کم عمر شریک کا ایوارڈ 25 سالہ میتری منرال کو ملا، جنہوں نے اپنے جوش، حوصلے اور عزم سے دیگر شرکا کو متاثر کیا۔

ریس کے بانی اور ڈائریکٹر چندر شیکھر پانڈے نے کہا کہ ہمالین 100 میل اسٹیج ریس کا مقصد محض کھیلوں کا مقابلہ منعقد کرنا نہیں، بلکہ ہندوستانی ہمالیہ کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کو عالمی برادری تک پہنچانا، ایڈونچر سیاحت کو فروغ دینا اور لوگوں میں فطرت و ماحولیات کے تئیں حساسیت پیدا کرنا بھی ہے۔