بہار نامہ

13 کروڑ سے زائد افراد ووٹ کے حق سے محروم – بہار کانگریس کے صدر کا الزام

پٹنہ: بہار پردیش کانگریس کے صدر راجیش رام نے الزام لگایا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے 13 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا ہے، جبکہ آئندہ بھی کروڑوں افراد کا حقِ رائے دہی چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اس بنیادی جمہوری حق کے تحفظ کے لیے کانگریس رہنما راہل گاندھی ملک بھر میں جدوجہد کر رہے ہیں۔راجیش رام جمعرات کو صدر دفتر صداقت آشرم میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں ہونے والی ریلی میں شرکت کے لیے بہار سے ہزاروں افراد پہنچ چکے ہیں، جبکہ مزید ہزاروں کے وہاں پہنچنے کی توقع ہے۔

اس موقع پر کانگریس کے سابق رکنِ پارلیمان اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے سابق رکن ڈاکٹر رام چندر کھونٹیا نے دعویٰ کیا کہ گیانیش کمار نے ووٹر فہرست سے 13 کروڑ 69 لاکھ افراد کے نام حذف کیے ہیں۔ ان کے مطابق یہ تعداد دنیا کے کئی ملکوں کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔کھونٹیا نے الزام لگایا کہ دو الیکشن کمشنروں نے 14 مرتبہ تحریری طور پر گیانیش کمار کے خلاف ووٹ چوری کی شکایت کی، لیکن ان کی بات نہیں سنی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کے انتخاب کے طریقۂ کار سے چیف جسٹس آف انڈیا کو من مانے انداز میں خارج کیا اور ان کی جگہ ایک مرکزی وزیر کو شامل کر لیا۔