دہلی شہر

غذائی اشیا میں ملاوٹ کے خلاف چھاپوں کے دوران 948.9 لیٹر گھی ضبط

نئی دہلی (یواین آئی) دہلی حکومت نے غذائی اشیا میں ملاوٹ کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے راجدھانی میں تین مقامات پر چھاپے مار کر 948.9 لیٹر گھی ضبط کیا ہے۔وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کو کہا کہ غذائی اشیا کے معیار کو یقینی بنانا اور ملاوٹ پر مؤثر روک لگانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے محکمۂ خوراک کی جانچ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جارہا ہے، تاکہ نمونوں کی جانچ میں تیزی آئے اور بے ضابطگی پائے جانے پر مقررہ وقت میں کارروائی کی جاسکے۔ محکمہ میں ملازمین کی تعداد بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر دیگر محکموں سے بھی عملہ فراہم کیا جائے گا، جس سے راجدھانی کے زیادہ سے زیادہ علاقوں میں باقاعدہ نگرانی اور چھاپہ مار کارروائیاں ممکن ہوسکیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ کے خلاف مہم صرف تہواروں تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ پورے سال مؤثر طریقے سے جاری رہے گی۔ انہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ کارروائی میں کسی بھی طرح کی سستی نہ برتی جائے اور ملاوٹ کے معاملات میں قصورواروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں، خواہ وہ برانڈیڈ کمپنیاں ہی کیوں نہ ہوں۔ حکومت جلد ہی اس سلسلے میں ایک وسیع بیداری مہم بھی شروع کرے گی، تاکہ لوگوں کو غذائی اشیا کے معیار اور تحفظ کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے دہلی کے باشندوں سے اپیل کی کہ غذائی اشیا میں ملاوٹ، خراب معیار یا میعاد ختم ہوچکی مصنوعات کی فروخت سے متعلق کوئی شکایت ملنے پر محکمۂ خوراک کو مطلع کریں۔ اس مقصد کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1800-11-3921 پر دفتری اوقات کے دوران رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی اشیا کا خالص ہونا محض قواعد کی پابندی کا معاملہ نہیں، بلکہ شہریوں کی صحت، سلامتی اور اعتماد سے جڑا ہوا مسئلہ ہے۔ حکومت کا ہدف جدید جانچ سہولیات، مناسب افرادی قوت اور مؤثر نگرانی کے ذریعے ملاوٹ پر روک لگانا اور صارفین کو محفوظ غذائی اشیا فراہم کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمۂ خوراک کے جانچ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا اور ملازمین کی تعداد بڑھائی جائے گی، تاکہ جانچ اور کارروائی میں تیزی لائی جاسکے۔محکمۂ خوراک کی ٹیموں نے بدھ کو بھوگل اور نجف گڑھ مارکیٹ میں گھی کے کل 15 نمونے جمع کیے۔ اس دوران بھوگل مارکیٹ سے 389.9 لیٹر اور نجف گڑھ مارکیٹ سے 338 لیٹر گھی ضبط کیا گیا۔ وہیں، شیو وہار میں دہلی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 221 لیٹر گھی ضبط کیا گیا۔