بہار نامہ

وزیر اعظم مودی نے خط بھیج کر سمراٹ چودھری کو سالگرہ کی مبارک باد دی

وزیر اعظم نے ترقی یافتہ بہار کی تعمیر میں سمراٹ چودھری کے تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے ان کی اچھی صحت، خوشی اور درازیٔ عمر کی تمنا کی

پٹنہ،  (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کو ان کی سالگرہ پر خصوصی خط بھیج کر مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ وزیر اعظم نے ترقی یافتہ بہار کی تعمیر میں مسٹر چودھری کے تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے ان کی اچھی صحت، خوشی اور درازیٔ عمر کی تمنا کی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین اور ریاستی صدر سنجے سراوگی سمیت کئی سینئر رہنماؤں نے بھی وزیر اعلیٰ مسٹر چودھری کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔وزیر اعظم مسٹر مودی نے اپنے خط میں کہا کہ ملک اور معاشرے کے مفاد میں سمراٹ چودھری کی جانب سے کیے جا رہے نمایاں کام ان کی زندگی کو عزت و وقار سے ہمکنار کریں۔ ان کے تجربے، لگن اور دوراندیشی سے بہار مسلسل ترقی کی راہ پر آگے بڑھے اور نئی بلندیوں کو حاصل کرے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ملک آج ‘شکتی کی سپت دھارا’ کے عزم کے ساتھ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کی سمت گامزن ہے۔ ایسے میں ریاست کی صلاحیتوں، وسائل اور افرادی قوت کو نئی جہتیں دینے کی کوششیں اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سمت میں وزیر اعلیٰ کا فعال تعاون اہم کردار ادا کرے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں وزیر اعلیٰ عوام تک بہتر حکمرانی اور فلاحی اسکیموں کے فوائد پہنچانے کے ساتھ بہار میں ترقی کی رفتار تیز کرنے کی سمت میں قابلِ ستائش کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے چھٹھی مَیّا سے وزیر اعلیٰ کی اچھی صحت اور درازیٔ عمر کی دعا کی۔
بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین نے بھی مسٹر چودھری کو سالگرہ کی دلی مبارک باد دیتے ہوئے ان کی صحت مند، طویل اور خوشگوار زندگی کی تمنا کی۔ وہیں، بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی مؤثر قیادت، دوراندیش سوچ اور عوامی خدمت کے عزم سے بہار ترقی، بہتر حکمرانی اور خوشحالی کے نئے معیار قائم کرے گا۔وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے وزیر اعظم نریندر مودی سمیت تمام سینئر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹر چودھری نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آشیرواد، رہنمائی اور بہار کے تئیں خصوصی محبت سبھی کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔ ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو پورا کرنے اور خوشحال بہار کی تعمیر کے لیے وہ پوری لگن اور خلوص کے ساتھ مسلسل کام کرتے رہیں گے۔