بہار نامہ

طلوع ہوتے سورج کو ارگھ پیش کرنے کے ساتھ 4 روزہ چھٹھ کا عظیم تہوار اختتام پذیر

اورنگ آباد ضلع کے تاریخی اور مذہبی مقام دیو میںتقریباً 10 لاکھ ورت رکھنے والوں نے کی پوجا ارچنا

اورنگ آباد، 16 نومبر (یو این آئی) اورنگ آباد ضلع کے تاریخی اور مذہبی مقام دیو میں واقع قدیم سورج کنڈ میں چھٹھ کے عظیم تہوار کے موقع پر پیر کی صبح تقریباً 10 لاکھ چھٹھ کے ورت رکھنے والوں اور عقیدت مندوں نے طلوع ہوتے سورج کو ارگھ پیش کیا۔اس کے ساتھ ہی 4 دن تک جاری رہنے والا عوامی عقیدت کا عظیم تہوار چھٹھ اختتام پذیر ہوگیا۔
اس موقع پر دیو کے تریتا یوگ کے دور کے سورج مندر کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ مندر میں بھگوان بھاسکر کے درشن، پوجا اور ارچنا کے لیے خواتین اور مرد عقیدت مندوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔ عقیدت مند باری باری بھگوان سورج کے درشن کرکے پوجا ارچنا کرتے رہے۔ اتر پردیش، اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اڈیشہ، مغربی بنگال، دہلی، ہریانہ، راجستھان سمیت بہار اور جھارکھنڈ کے مختلف علاقوں سے پہنچے ورت رکھنے والوں نے صبح طلوع ہوتے سورج کو ارگھ پیش کرکے اپنی مذہبی رسومات مکمل کیں۔
میلے کے علاقے اور مندر کے احاطے میں سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے تھے۔ بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
ضلع مجسٹریٹ ابھیلاشا شرما اور پولیس سپرنٹنڈنٹ اپیندر ناتھ ورما میلے کے علاقے میں قیام کرکے امن و قانون کی صورت حال کی نگرانی کرتے رہے۔
عوامی عقیدے کے مطابق دیو میں چھٹھ کا ورت رکھنے کے دوران بھگوان سوریہ دیو کی براہ راست موجودگی کا احساس ہوتا ہے۔ یہاں کے قدیم سورج کنڈ میں ارگھ پیش کرنے سے عقیدت مندوں کی من کی مرادیں پوری ہوتی ہیں۔ اسی عقیدت کی وجہ سے ہر سال ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند دیو پہنچتے ہیں۔