دہلی شہر

چاندنی چوک میں تاجروں نے کانگریس کی مجوزہ ریلی کی مخالفت کی

نئی دہلی (یواین آئی) رام لیلا میدان میں یکم نومبر کو کانگریس کی مجوزہ ریلی کے خلاف راجدھانی کے اہم تجارتی مرکز صدر بازار میں تاجروں نے جمعرات کو احتجاج کیا۔ اس دوران مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر نعرہ درج تھا، ”راہل گاندھی، محبت کی دکان کے نام پر ہماری دکان خراب مت کرو۔”مظاہرین نے مسٹر گاندھی سے یکم نومبر کو مجوزہ کانگریس ریلی ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا۔ صدر بازار باری مارکیٹ ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر پرمجیت سنگھ پما کی قیادت میں تاجروں نے متحد ہوکر تہواروں کے دوران کاروبار اور بازاروں کے انتظامات کے حوالے سے اپنی تشویش ظاہر کی۔ اس موقع پر تاجر رہنما دیپک متل، ورندر آریہ، راکیش راجپال، دیپک نمبھل، راجپال شاہد سمیت متعدد تاجر موجود تھے۔تاجروں نے کہا کہ دیوالی سمیت دیگر تہواروں کے آس پاس کا وقت کاروبار کے لحاظ سے انتہائی اہم ہوتا ہے۔ اس دوران دہلی کے بازاروں میں بڑی تعداد میں گاہک خریداری کے لیے پہنچتے ہیں۔ ایسے میں کسی بڑی ریلی کے باعث ٹریفک متاثر ہونے، جام لگنے اور گاہکوں کو پریشانی ہونے کا خدشہ رہتا ہے، جس کا براہ راست اثر کاروبار پر پڑ سکتا ہے۔مسٹر پما نے کہا، ”محبت کا پیغام دیجیے، لیکن تاجروں کی روزی روٹی اور کاروبار کی قیمت پر نہیں۔” انہوں نے کہا کہ تاجر پورے سال تہواروں کے سیزن کا انتظار کرتے ہیں۔ اس وقت بازاروں میں گاہکوں کی آمدورفت اور ٹریفک کی روانی برقرار رہنا انتہائی ضروری ہے۔ اگر لوگوں کو بازاروں تک پہنچنے میں پریشانی ہوتی ہے تو اس سے دکانداروں کے کاروبار پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کا مقصد کسی کے پروگرام کی مخالفت کرنا نہیں، بلکہ بازاروں میں تجارتی سرگرمیوں کو ہموار رکھنا اور عام لوگوں کو پریشانی سے بچانا ہے۔