دہلی شہر

براڑی سڑک تعمیر پر ’آپ‘ نے بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا

نئی دہلی،،سماج نیوز:عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور براری کے رکن اسمبلی سنجیو جھا نے براری کی 100 فٹہ سڑک کی تعمیر میں ہو رہی تاخیر پر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی انتقامی سیاست کے باعث براری سڑک کی تعمیر کا کام تعطل کا شکار ہے۔ پہلے ٹینڈر کے عمل میں 6 سے 7 ماہ کی تاخیر کی گئی اور اب مالیاتی بولی (Financial Bid) کھولنے کی تاریخ بار بار آگے بڑھائی جا رہی ہے۔ میں نے کئی خطوط لکھے اور افسران کے ساتھ متعدد میٹنگیں بھی کیں، لیکن تمام کوششیں ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہیں اور محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کی لاپروائی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ آخر براری کے عوام کب تک پریشان رہیں گے؟ اب انتظار کی حد پار ہو چکی ہے۔ میں حکومت اور پی ڈبلیو ڈی کو آخری وارننگ دیتا ہوں کہ 7 دن کے اندر 100 فٹہ سڑک کا ٹینڈر منظور کیا جائے، ورنہ عوام کے حقوق کے لیے سڑکوں پر بڑا احتجاج کیا جائے گا۔ سنجیو جھا نے کہا کہ 100 فٹہ سڑک کے معاملے میں بی جے پی گندی سیاست کر رہی ہے، جو اب برداشت سے باہر ہے۔ جان بوجھ کر 6 سے 7 ماہ یہ کہتے ہوئے تاخیر کی گئی کہ سڑک پی ڈبلیو ڈی بنائے گا یا جل بورڈ۔ میں مسلسل کہتا رہا کہ سڑک پی ڈبلیو ڈی کو ہی بنانی ہوگی اور اسی معاملے میں 6 ماہ ضائع کر دیے گئے۔ اس کے بعد ہم نے ٹینڈر سے متعلق تمام تیاریاں مکمل کروائیں۔ پہلے اس ٹینڈر کی مالیت 52 کروڑ روپے تھی، لیکن 52 کروڑ روپے کی فائل وزیر تک پہنچنے میں وقت لگتا، اس لیے ہم نے تجویز دی کہ اسے سکریٹری کی سطح سے منظور کرایا جائے۔ چنانچہ اس کی رقم کم کرکے 48 کروڑ روپے کر دی گئی۔ سنجیو جھا نے بتایا کہ جیسے ہی بی جے پی کے وزیر پرویش ورما کو معلوم ہوا کہ سڑک کا ٹینڈر منظور ہونے والا ہے، تو وہ 19 ستمبر کو براڑی آئے اور بڑے بڑے دعوے کرکے چلے گئے۔ آج 29 اکتوبر ہے، یعنی وزیر کو براڑی آئے ہوئے ایک ماہ اور 10 دن گزر چکے ہیں۔