دہلی شہر

کانگریس کی ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے سینئرلیڈران نے رام لیلا میدان کا لیا جائزہ

صادق شروانی
نئی دہلی (سماج نیوز) کانگریس پارٹی کی جانب سے ووٹ چوری کے خلاف یکم نومبر کو ہونے والی ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے ہائی کمان لیڈران نے ریاستی سطح کے عہدیداران کے ساتھ آج رام لیلا میدان کا جائزہ لیا۔ جس میں خاص طور سے کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال ،ممبرپارلیمنٹ اور سینئرلیڈر پرینکا گاندھی، میڈیا انچارج پون کھیڑا سمیت دہلی انچارج قاضی نظام الدین اور ریاستی صدر دیویندر یادو سمیت دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے دہلی کانگریس انچارج قاضی نظام الدین نے بتایا کہ یکم نومبر کو ہونے والی ’’ووٹ چور گدی چھوڑ‘‘ ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے ہر سطح پر محنت کی جا رہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج خود کانگریس کے جنرل سکریٹری وینو گوپال سمیت پرینکا گاندھی نے بھی مورچہ سنبھال لیا ہے۔ اور آج ہم لوگوں نے رام لیلا میدان کا جائزہ لیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے پردیش سے لے کر بلاک سطح پر بھی مسلسل ضلع صدور بلاک صدور سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداروں سے رابطہ کرکے ان کے ساتھ میٹنگ کرکے کہا جا رہا ہے کہ اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے پوری طاقت لگانی ہے، کیونکہ عوام کا جوش دیکھنے لائق ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی جس طرح سے اس ریلی کو ناکام بنانے کے لیے طرح طرح کی افواہیں اڑا رہی ہے۔ اس سے نہ صرف دہلی والے بلکہ ملک کا ایک بھی شخص ڈگمگ ہونے والانہیں ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی دیوالی اور تاجروں کو ریلی کے نقصانات گنا رہی ہے۔ جبکہ سچائی یہ ہے کہ تاجروں کا ایک بڑا طبقہ کانگریس کی اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ابھی تک ایک اندازے کے مطابق لاکھوں کی تعداد میں دہلی پہنچنے کے لیے اعداد و شمار حاصل ہو رہے ہیں۔ نہ صرف بھارتیہ جنتا پارٹی بلکہ مرکزی حکومت بھی کانگریس کی اس ریلی کو ناکام بنانے کے لیے سازش کر رہی ہے۔ کانگریس پارٹی اچھی طرح سے جانتی ہے کہ اس ملک کے لوگ بے ایمانی اور چوری سے بنائی گئی سرکار کی پول کھل چکی ہے۔ جب تک چیف الیکشن کمیشنر گیانیش کمار کااستعفیٰ نہیں ہوجاتا، ہماری یہ تحریک جاری رہے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریاستی سطح پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ذریع منتخب کئے گئے انچارج دہلی کانگریس کمیٹی کے ذریعہ تعینات کئے گئے ضلع انچارج کے ذریعہ تیار کئے گئے ووٹ چوری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر گیانیش کمار کا استعفیٰ مانگنا قانونی حق ہے۔ جبکہ دہلی کانگریس انچارج اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری قاضی نظام الدین نے کہا کہ اس وقت نہ صرف دہلی والوں بلکہ تمام ملک کے کانگریسی کارکنان، عہدیدارن ہم سب کا فوکس رام لیلا میدان میں ریلی کو تاریخی بنانا ہے۔ اس کے لیے ہر سطح پر کام کیا جا رہا ہے بلکہ ایکسٹرا اینرجی بھی لگائی جا رہی ہے۔