شیئر بازاروں میں تیزی برقرار، سینسیکس میں 1,400 پوائنٹس کا زبردست اچھال
ممبئی، (یو این آئی) گھریلو شیئر بازاروں میں بدھ کے روز ابتدائی کاروبار کے دوران تیزی دیکھی گئی اور بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا 30 حصص پر مشتمل حساس اشاریہ سینسیکس 1,400 پوائنٹس سے زیادہ اچھل گیا۔سینسیکس 1,142 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 82,248.68 پوائنٹس پر کھلا اور پہلے آدھے گھنٹے میں ہی 82,520.40 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ گزشتہ کاروباری دن یہ 81,106.65 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ خبر لکھے جانے کے وقت سینسیکس 1,357.02 پوائنٹس یعنی 1.67 فیصد کے اضافے کے ساتھ 82,463.67 پوائنٹس پر کاروبار کررہا تھا۔مغربی ایشیا کی صورتحال میں بہتری کی امید، بین الاقوامی بازار میں منگل کے روز خام تیل کی قیمتوں میں آئی گراوٹ اور کمپنیوں کے اچھے سہ ماہی نتائج کا اثر بھی بازار پر دیکھا جارہا ہے۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 50 اشاریہ بھی 293 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 25,337.80 پوائنٹس پر کھلا۔ خبر لکھے جانے کے وقت یہ 368.55 پوائنٹس یعنی 1.47 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 25,413.20 پوائنٹس پر تھا۔وسیع بازار میں بھی تمام اشاریے سبز نشان میں رہے۔ دوا سازی اور صحت کے شعبوں کو چھوڑ کر تمام شعبوں میں خریداری کا زور رہا۔ مالیات، بینکنگ، آٹوموبائل، میڈیا، ایف ایم سی جی، پائیدار صارفین کی مصنوعات اور تیل و گیس کے شعبوں کے اشاریوں میں 1 سے 2 فیصد تک کا اضافہ درج کیا گیا۔
سینسیکس میں شامل کمپنیوں میں انڈیگو کے حصص فی الحال ساڑھے 4 فیصد سے زیادہ اور مہندرا اینڈ مہندرا کے حصص تقریباً ساڑھے 3 فیصد اوپر رہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا، ایچ ڈی ایف سی بینک اور ایکسس بینک کے حصص میں 2 سے ڈھائی فیصد تک کا اضافہ ہوا۔ بھارتی ایئرٹیل، ایٹرنل، ایشین پینٹس، ریلائنس انڈسٹریز، آئی سی آئی سی آئی بینک، پاور گرڈ، ایل اینڈ ٹی، آئی ٹی سی اور بجاج فائنانس کے حصص میں ڈیڑھ سے 2 فیصد تک کی تیزی رہی۔
