پاکستان شدید مالی بحران کی زد میں!
ٹیکس بڑھانے کے بجائے حکومتی فضول اخراجات اور مراعات ختم کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد ۔ ایم این این۔ پاکستان کی معیشت کو درپیش سنگین مالی بحران، بڑھتے ہوئے قرضوں، مہنگی بجلی، خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں اور حکمران طبقے کی مراعات نے ملک کی اقتصادی پالیسیوں پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت مسلسل ٹیکسوں میں اضافہ کرکے عوام اور کاروباری طبقے پر بوجھ ڈال رہی ہے، جبکہ سرکاری اداروں میں مالی وسائل کے ضیاع اور انتظامی بدعنوانیوں پر قابو پانے کے لیے بنیادی اصلاحات نہیں کی جا رہیں۔ایک معاشی تجزیے کے مطابق پاکستان کا مالیاتی سرپلس گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد کم ہوگیا ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی سرکاری آمدنی تین فیصد کمی کے ساتھ 60 کھرب چار ارب روپے رہی، جبکہ حکومتی اخراجات 16 فیصد بڑھ کر تقریباً 47 کھرب 30 ارب روپے تک پہنچ گئے۔ اسی دوران قرضوں پر سود کی ادائیگی میں 23 فیصد اضافہ ہوا۔گزشتہ دس برسوں کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیکس وصولیوں میں تقریباً 318 فیصد اضافہ ہوا، لیکن اس کے باوجود پاکستان کی اوسط حقیقی معاشی ترقی محض 3.4 سے 3.5 فیصد رہی۔ تجزیے میں کہا گیا ہے کہ یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ حکومت معیشت سے زیادہ وسائل وصول کرنے کے باوجود صنعتی پیداوار، سرمایہ کاری اور روزگار میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔پاکستان کے توانائی کے شعبے کو بھی معاشی بحران کی بڑی وجوہات میں شمار کیا گیا ہے۔ بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ تقریباً 53 سے 54.5 کھرب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ مہنگے درآمدی ایندھن، بجلی گھروں کو صلاحیت کی بنیاد پر ادائیگیوں اور ترسیلی نقصانات نے صنعتی شعبے کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔ بجلی کی بلند قیمتوں کے باعث متعدد کارخانے اپنی پیداواری صلاحیت سے کم کام کر رہے ہیں یا بند ہوچکے ہیں۔سرکاری اداروں کی مالی حالت بھی تشویشناک قرار دی گئی ہے۔ دسمبر 2025 تک خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کے مجموعی نقصانات اور واجبات تقریباً 72 کھرب 20 ارب روپے تک پہنچ گئے تھے۔ تجزیے کے مطابق ان اداروں کی تنظیم نو یا نجکاری میں تاخیر سے ٹیکس دہندگان پر روزانہ تقریباً تین ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔وفاقی حکومت کی غیر معمولی طور پر بڑی کابینہ پر بھی تنقید کی گئی ہے، جس میں وزرا، وزرائے مملکت اور مشیروں کی تعداد تقریباً 57 بتائی گئی ہے۔ مالی سال 2025-26 میں وفاقی سول حکومت چلانے کے اخراجات تقریباً 10 کھرب 30 ارب روپے تک پہنچ گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ تھے۔تجزیے میں حکمران طبقے کی سرکاری رہائش گاہوں، گاڑیوں، مفت ایندھن، غیر ملکی دوروں، غیر ضروری سکیورٹی انتظامات اور دیگر مراعات کو قومی خزانے پر اضافی بوجھ قرار دیا گیا ہے۔ اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کفایت شعاری کا آغاز عام شہریوں کے بجائے حکومتی اور انتظامی سطح سے ہونا چاہیے۔پاکستان کے بڑھتے ہوئے قرضوں کو بھی ایک سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ جون 2025 تک سرکاری قرضہ مجموعی قومی پیداوار کے 70.7 فیصد تک پہنچ چکا تھا، جبکہ حکومتی آمدنی کا نصف سے زیادہ حصہ قرضوں پر سود کی ادائیگی میں صرف ہو رہا ہے۔ اس صورتحال میں تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل محدود ہوتے جا رہے ہیں۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ تجزیے میں کہا گیا ہے کہ 838 ارب روپے کے بجٹ والے اس پروگرام کو محض مالی امداد تک محدود رکھنے کے بجائے مستحق خاندانوں کو روزگار، ہنرمندی اور معاشی خودمختاری فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ پروگرام میں مبینہ بے ضابطگیوں اور غیر مستحق افراد کی شمولیت کی شکایات کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان کو مزید قرضوں اور ٹیکسوں کے بجائے سرکاری اخراجات میں کمی، خسارے والے اداروں کی اصلاح، توانائی کے شعبے کی تنظیم نو، برآمدات میں اضافے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔تجزیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر حکومت نے حکمران اشرافیہ کی مراعات، غیر ضروری سرکاری اخراجات اور معاشی بدانتظامی ختم نہ کی تو پاکستان قرضوں، مہنگائی، صنعتی زوال اور مالی بحران کے مسلسل چکر سے باہر نہیں نکل سکے گا۔
