دیوالی سے پہلے مرکزی ملازمین اور پنشن یافتگان کو تحفہ، مہنگائی بھتے میں تین فیصد اضافہ
نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) حکومت نے دیوالی سے عین قبل مرکزی ملازمین اور پنشن یافتگان کو تحفہ دیتے ہوئے مہنگائی بھتے اور مہنگائی راحت میں تین فیصد اضافے کو منظوری دے دی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اضافے کی شرحیں یکم جولائی سے نافذ العمل ہوں گی۔اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس فیصلے کے تحت مرکزی ملازمین کے مہنگائی بھتے اور پنشن یافتگان کی مہنگائی راحت کی شرح میں تین فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ شرح بنیادی تنخواہ اور پنشن کا 60 فیصد ہے۔ اضافے کے بعد یہ بڑھ کر 63 فیصد ہو جائے گی۔مسٹر ویشنو نے کہا کہ اس فیصلے سے تقریباً 48.54 لاکھ مرکزی ملازمین اور 68.71 لاکھ پنشن یافتگان کو فائدہ پہنچے گا۔ مہنگائی بھتے اور مہنگائی راحت میں اضافے سے سرکاری خزانے پر ہر سال 10,016.10 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔حکومت نے بتایا کہ یہ اضافہ ساتویں مرکزی پے کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر طے شدہ فارمولے کے مطابق کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کی تلافی کرنا ہے۔
