کنٹینرکی تیاری کو فروغ دینے کی اسکیم کو کابینہ کی منظوری
نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) مرکزی کابینہ نے ملک میں کنٹینر کی تیاری کو فروغ دینے، درآمدات پر انحصار کم کرنے اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے 10 ہزار کروڑ روپے کے بجٹ کی گنجائش والی کنٹینرکی تیاری سے متعلق ترغیبی اسکیم کو منظوری دے دی ہے۔اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بدھ کے روز یہاں کابینہ کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں پیش کی گئی تجویز کو منظوری دی گئی۔ یہ اسکیم مالی سال 2039-40 تک نافذ رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کا مقصد ہندوستان میں عالمی معیار کا اور مسابقتی کنٹینرکی تیاری کا نظام تیار کرنا ہے۔ اس کے تحت نئی مینوفیکچرنگ یونٹوں کی مدد کرنے کے ساتھ موجودہ کنٹینر تیار کرنے والی اکائیوں کی توسیع کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینر سازی ترغیبی اسکیم کا اعلان مرکزی بجٹ 2026-27 میں کیا گیا تھا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد ملک کی کنٹینر سازی کی صلاحیت کو تقریباً دس گنا بڑھا کر 7.5 لاکھ کنٹینر تک پہنچانا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسکیم کے ذریعے عالمی سطح پر مسابقت کے قابل ایسا مینوفیکچرنگ مرکز تیار کرنا ہے، جس سے ہندوستان کو معیاری شپنگ کنٹینروں کے لیے ایک عالمی برآمدی مرکز کے طور پر قائم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے ذریعے حکومت ہندوستان کی بحری اور لاجسٹکس سپلائی چین کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق، اس اسکیم سے تقریباً 3,000 براہ راست اور 50,000 سے زیادہ بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ کارنر کاسٹنگ، خصوصی اسٹیل، لکڑی کے فریم اور پینٹ جیسی معاون صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا۔مسٹر ویشنو نے کہا کہ اسکیم کے تحت 859 کروڑ روپے کے مالیاتی بجٹ سے اہل سرمایہ جاتی قرضوں پر کنٹینر سازوں کو سالانہ تین فیصد سود میں رعایت دی جائے گی۔ یہ امداد نئی مینوفیکچرنگ یونٹیں قائم کرنے اور موجودہ یونٹوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے دیے گئے قرضوں پر فراہم کی جائے گی۔اس کے علاوہ، 8,891 کروڑ روپے کے مالیاتی بجٹ سے عالمی شپنگ معیارات کے مطابق تیار کیے گئے اور اہل مینوفیکچررز کے ذریعے فروخت کیے جانے والے کنٹینروں پر آپریشنل اخراجات کی امداد دی جائے گی۔ اس سے لاگت کے فرق کو کم کرنے اور ملک میں تیار ہونے والے کنٹینروں کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔
