Featured

اتر پردیش اسمبلی انتخابات: کانگریس نے 181 اسمبلی امیدواروں کی فہرست سونپی!

سماجوادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے معاملے پر کانگریس کی میٹنگ-دسمبر کے پہلے ہفتے سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

نئی دہلی،  (یواین آئی) کانگریس نے اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی اور سماج وادی پارٹی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر پیر کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا اور ریاست میں دسمبر کے پہلے ہفتے سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے درمیان نشستوں کی تقسیم کے سلسلے میں منگل کو یہاں میٹنگ ہونے کی تجویز ہے۔ میٹنگ میں دونوں جماعتوں کی جانب سے کون کون سے رہنما شرکت کریں گے، اس کا ابھی انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر آج ہونے والی میٹنگ میں اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں اور سماج وادی پارٹی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں مسٹر کھرگے، مسٹر راہل گاندھی، محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا، تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، اتر پردیش کے انچارج راجندر پال گوتم، ریاستی صدر آرادھنا مشرا مونا، ورکنگ صدر عمران مسعود اور کچھ دیگر رہنما شریک ہوئے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست میں دسمبر کے پہلے ہفتے سے وسیع پیمانے پر انتخابی مہم شروع کی جائے گی، جس کے تحت مسٹر گاندھی، محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا سمیت پارٹی کے سینئر رہنما ریلیوں اور یاتراؤں کے ذریعے انتخابی مہم چلائیں گے۔مسٹر کھرگے نے میٹنگ کے بعد کہا کہ اتر پردیش کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور سماجی انصاف، مساوی مواقع اور محروم طبقات کے حقوق کو مستحکم ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ کانگریس انڈیا اتحاد کے ساتھ مل کر ریاست کے عوام کے سامنے ایک مضبوط متبادل پیش کرے گی۔مسٹر وینوگوپال نے کہا کہ میٹنگ میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست دینے کے لیے کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں اتر پردیش کے سماجی اور اقتصادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔مسٹر گوتم نے بتایا کہ دسمبر کے پہلے ہفتے سے ریاست میں وسیع پیمانے پر انتخابی مہم شروع کی جائے گی۔ اس کے تحت تنظیم کی تمام سطحوں کے عہدیداروں کو انتخابی مہم سے جوڑا جائے گا۔ ریاستی کانگریس صدر آرادھنا مشرا مونا نے کہا کہ میٹنگ میں تنظیم کو مضبوط بنانے اور انتخابی تشہیر کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی مختلف کمیٹیوں کی تشکیل بھی کی جائے گی۔کانگریس کے ورکنگ صدر عمران مسعود نے کہا کہ آج کی میٹنگ تنظیمی امور سے متعلق تھی۔ انڈیا اتحاد میں نشستوں کی تعداد سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ تمام جماعتیں مل کر انتخابات میں کامیابی حاصل کریں۔قابل ذکر ہے کہ سال 2022 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے الگ الگ انتخاب لڑا تھا، جبکہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں دونوں جماعتیں مل کر انتخابی میدان میں اتری تھیں۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کارکردگی انتہائی خراب رہی تھی۔ اس نے 399 نشستوں پر امیدوار کھڑے کیے تھے، لیکن اسے صرف دو نشستوں پر کامیابی ملی تھی۔ لوک سبھا انتخابات میں دونوں ہی جماعتوں کی کارکردگی اچھی رہی تھی۔ سماج وادی پارٹی نے لوک سبھا کی 37 نشستیں جیتی تھیں، جبکہ کانگریس کو چھ نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ لوک سبھا انتخابات میں اپنی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کانگریس کو امید ہے کہ اسمبلی انتخابات میں اتحاد کے تحت نشستوں کی تقسیم میں اسے اچھی خاصی تعداد میں نشستیں ملیں گی۔دریں اثنااتر پردیش اسمبلی انتخابات کی تیاریوں اور انتخابی حکمت عملی کے ساتھ ہی سماجوادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے فارمولے اور نشستوں کی تقسیم سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کے لیے کانگریس کی اعلیٰ قیادت کی پیر کے روز یہاں پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر ریاست کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ اہم میٹنگ ہوئی۔مسٹر کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس میٹنگ کی اطلاع دیتے ہوئے کہا، آج اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ ریاست کی سیاسی صورت حال اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اتر پردیش کے آئندہ انتخابات ملک کی سیاست کو نئی سمت دیں گے۔ ریاست کے عوام تبدیلی کے خواہاں ہیں اور سماجی انصاف، یکساں مواقع اور محروم طبقات کے حقوق کو مضبوط ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ کانگریس پارٹی انڈیا اتحاد کے ساتھ مل کر اتر پردیش کے عوام کے سامنے ایک مضبوط متبادل پیش کرے گی۔میٹنگ میں مسٹر کھرگے کے علاوہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، پارٹی کے جنرل سکریٹری کے۔ سی۔ وینوگوپال، پرینکا گاندھی واڈرا، اتر پردیش کے انچارج راجندر پال گوتم اور ریاستی صدر آرادھنا مشرا مونا سمیت کئی سینئر رہنما شریک ہوئے۔ میٹنگ میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں، تنظیم کو مضبوط بنانے، نشستوں پر پارٹی کے دعوے اور انتخابی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق، میٹنگ میں سماجوادی پارٹی کے ساتھ مجوزہ اتحاد اور نشستوں کی تقسیم کے فارمولے پر وسیع پیمانے پر غور و خوض ہوا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان نشستوں کی تعداد کے حوالے سے اتفاق رائے قائم کرنے کی کوشش جاری ہے اور اس سلسلے میں جلد ہی پارٹی کے کسی سینئر رہنما کی جانب سے میڈیا کوباقاعدہ باخبر کیاجاسکتاہے ۔