این ایس یو آئی کا دہلی پولیس پر دو کارکنوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کا الزام
نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ یونین کے انتخابات بحال کرنے کے مطالبے پر جاری احتجاج کے درمیان نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے دہلی پولیس پر اپنے دو کارکنوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کا الزام لگایا ہے۔این ایس یو آئی کے کارکن گزشتہ 17 دنوں سے طلبہ یونین کے انتخابات بحال کرنے کے مطالبے پر بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔ این ایس یو آئی نے الزام لگایا کہ طلبہ کے مطالبات پر توجہ دینے اور ان کی آواز سننے کے بجائے دہلی پولیس نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیٹ نمبر 4 سے تنظیم کے کارکنان فیضان اور ذیشان کو حراست میں لے لیا۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ حراست میں لینے کے بعد دونوں کو کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔اس کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے این ایس یو آئی نے کہا کہ طلبہ یونین کے انتخابات بحال کرنے کا مطالبہ کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔ تنظیم نے الزام لگایا کہ طلبہ کو حراست میں لے کر ان کے جمہوری حقوق اور آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔این ایس یو آئی نے واضح کیا کہ طلبہ یونین کے انتخابات بحال کرانے اور طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے اس کی تحریک جاری رہے گی۔
