Featured

بھائی دوج کے موقع پر ملک کے عوام کو وزیر اعظم کی مبارک باد ، بہن بھائیوں کے اٹوٹ رشتے کو سراہا

نئی دہلی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز بھائی دوج کے موقع پر ملک بھر کے لوگوں کو دلی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس تہوار کو بھائیوں اور بہنوں کے درمیان گہری محبت، اپنائیت اور مضبوط رشتے کا جشن قرار دیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں مسٹر مودی نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”بھائی دوج کے مبارک موقع پر ملک بھر میں رہنے والے اپنے تمام اہل وطن کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔”

وزیر اعظم نے اس تہوار کی جذباتی اور ثقافتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھائی دوج بہن بھائیوں کے گہرے رشتے کی مٹھاس اور اپنائیت کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ”اس مبارک موقع پر میں سب کی خوشی اور خوش حالی کی پراتھنا کرتا ہوں۔”بھائی دوج کا یہ تہوار بھائیوں اور بہنوں کے درمیان خاص رشتے کے نام ہوتا ہے۔ اس موقع پر بہنیں روایتی طور پر اپنے بھائیوں کے ماتھے پر تلک لگاتی ہیں اور ان کی خوشی، خوش حالی اور لمبی عمر کے لیے پراتھنا کرتی ہیں۔

اس کے جواب میں بھائی بھی اپنی بہنوں سے محبت اور ان کا ساتھ نبھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔ اس موقع پر خاندان کے افراد ایک جگہ جمع ہوتے ہیں، روایتی رسومات ادا کی جاتی ہیں اور تحائف کا تبادلہ ہوتا ہے۔ملک بھر میں مختلف انداز سے منایا جانے والا بھائی دوج خاندانی رشتوں، باہمی محبت اور بہن بھائیوں کے درمیان نسل در نسل قائم رہنے والے مضبوط تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔