قومی خبریں

جموں و کشمیر میں حالات تقریباً معمول پر، تاہم چیلنجز اب بھی برقرار-سی آر پی ایف

سری نگر،  (یو این آئی) جنوبی کشمیر میں دہشت گردی مخالف کارروائیوں کے درمیان مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جموں و کشمیر زون کے اعلیٰ ترین افسر نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر تقریباً معمول کے حالات کی جانب لوٹ رہا ہے، تاہم بعض چیلنجز اب بھی باقی ہیں۔
سی آر پی ایف کے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل، جموں و کشمیر زون، سندیپ کھروار نے اعتماد ظاہر کیا کہ سکیورٹی فورسز، انتظامیہ اور عوام مشترکہ کوششوں سے باقی ماندہ چیلنجز پر بھی قابو پالیں گے۔
سی آر پی ایف کپ 2026 کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کھروار نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن و سکون کا قیام صرف سکیورٹی فورسز اور انتظامیہ ہی نہیں بلکہ ہر شہری کا مشترکہ مقصد اور ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”یہ ہم سب کی مشترکہ کوشش اور مشترکہ مقصد ہے۔ اس میں صرف سکیورٹی فورسز یا انتظامیہ ہی نہیں بلکہ ہم میں سے ہر ایک شامل ہے۔ جب کسی ریاست میں امن و سکون ہوتا ہے تو ہر کوئی ترقی کرتا ہے۔ ریاست کے عوام ترقی کرتے ہیں، ملک ترقی کرتا ہے اور انسانیت بھی ترقی کرتی ہے۔ ہمیں اسی سمت میں آگے بڑھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔”
سی آر پی ایف کے ایس ڈی جی، جموں و کشمیر زون نے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے خطے کی صورتِ حال اس مقام تک پہنچ گئی ہے جہاں حالات تقریباً معمول پر آچکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ”یہ درست ہے کہ ہمارے سامنے کچھ چیلنجز ہیں۔ ہم نے بڑی حد تک بیشتر چیلنجز پر قابو پالیا ہے، لیکن یہ کہنا مناسب نہیں ہوگا کہ تمام چیلنجز ختم ہوچکے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ باقی ماندہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ فریق مل کر کام کر رہے ہیں۔
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش کے لیے جاری کارروائی کے بارے میں پوچھے جانے پر، جس میں تین اہلکار زخمی ہوئے تھے، کھروار نے کہا کہ آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ ”ظاہر ہے کہ میں آپریشن سے متعلق تفصیلات پر بات نہیں کرسکتا۔