جالندھر میں 668 گرام ہیروئن کے ساتھ سمگلر کو گرفتار
ملزم کے قبضے سے موٹر سائیکل بھی برآمد ، دو روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا
جالندھر، (یو این آئی) پنجاب میں جالندھر دیہی پولیس نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف “وار اگینسٹ ڈرگز” مہم کے تحت ایک نوجوان کو 668 گرام ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہرویندر سنگھ ورک نے پیر کو بتایا کہ سی آئی اے کے عملے کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ضلع کے باہر سے کچھ اسمگلر بھوگ پور علاقے میں بڑے پیمانے پر ہیروئن اسمگل کر رہے ہیں۔ 14 نومبر کو اے ایس آئی سبھاش کمار کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے آدم پور سے بھوگپور کی طرف گشت اور تفتیش شروع کی۔
اس دوران جالندھر-پٹھانکوٹ مین روڈ پر گاؤں قریشیاں کے قریب ایک نوجوان کو کالے رنگ کی موٹر سائیکل کے ساتھ مشکوک انداز میں کھڑا دیکھا گیا۔ پولیس کی گاڑی کو دیکھ کر اس نے بھاگنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اسے پکڑ لیا۔ اس کی شناخت بوٹا سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، جو کہ گاؤں منن، بھینی میاں خان تھانہ، ضلع گورداسپور کا رہنے والا ہے۔پولیس نے اس کی پلاٹینا موٹر سائیکل کی تلاشی لی تو سیٹ کے نیچے سے 668 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ 14 نومبر کو بھوگپور پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اسے گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ پہلے مزدوری کرتا تھا اور پولیس میں بھرتی کی تیاری بھی کر رہا تھا۔ اس کے خلاف حملہ اور اسلحہ ایکٹ کے تحت پہلے بھی مقدمات درج ہیں۔ اسے 2024 میں ضمانت پر جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس کے بعد اس نے فوری پیسہ کمانے کے لیے ہیروئن کی سمگلنگ شروع کی۔ وہ سرحدی علاقے سے سستے داموں ہیروئن لا کر بھوگپور اور آس پاس کے قصبوں میں سپلائی کرتا تھا۔
ملزم کو عدالت میں پیش کر کے دو دن کا پولیس ریمانڈ منظور کر لیا۔ پولیس اس سے ہیروئن کے منبع، ممکنہ خریداروں اور سابقہ سپلائی کے بارے میں پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اسمگلنگ کے ذریعے حاصل کیے گئے کسی بھی منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی شناخت اور اسے ضبط کرنے کے لیے قانونی کارروائی شروع کریں گے۔
