سونیا گاندھی نے لالو پرساد یادو سے مل کران کی خیریت دریافت کی
نئی دہلی، 2 نومبر (یواین آئی) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے پیر کی صبح راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔محترمہ گاندھی نے لالو یادو کی بیٹی اور رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر میسا بھارتی اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
میسا بھارتی نے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر کو بتایا کہ ان کے والد کی صحت میں بہتری آرہی ہے اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کی حالت مستحکم ہے۔ لالو یادو کے اہل خانہ نے محترمہ گاندھی کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔اس ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لالو یادو نے کہا کہ محترمہ سونیا گاندھی ان کی رہائش گاہ پر پہنچیں اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ماضی کی یادیں بھی تازہ ہوئیں۔
لالو یادو نے ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کے دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران نوجوانوں، کسانوں، جوانوں اور عام لوگوں کے مفاد میں شفاف اور عوامی فلاح و بہبود کی متعدد اسکیمیں نافذ کی گئی تھیں۔انہوں نے مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ (منریگا)، حقِ تعلیم (آر ٹی ای) اور حقِ اطلاعات (آر ٹی آئی) جیسے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے ملک کے عوام کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دور میں بہار کی ترقی کے لیے ایک لاکھ 45 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم فراہم کیے جانے کا بھی ذکر کیا۔
