موبائل استعمال کرنے کے جھگڑے کے بعد نابالغ طالبہ کی خودکشی
کوربا (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے کوربا ضلع میں موبائل فون کو لے کر بھائی بہن کے درمیان ہوئے تنازع کے بعد 17 سالہ طالبہ نے مبینہ طور پر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ واقعہ دری تھانہ علاقے کے ایودھیا پوری کا ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس سے پیر کے روز موصولہ اطلاع کے مطابق، ایودھیا پوری کے رہائشی شریف قریشی کی بیٹی ثانیہ بانو (17) نویں جماعت کی طالبہ تھی۔ اس کے والد بکرے کا کاروبار کرتے ہیں۔ گزشتہ 31 اکتوبر کی رات ثانیہ اور اس کے بھائی کے درمیان موبائل فون کے استعمال کو لے کر کہا سنی ہو گئی۔ تنازع بڑھنے پر ان کی ماں نے موبائل اپنے پاس رکھ کر چھپا دیا۔
بتایا گیا ہے کہ دونوں بچوں کے درمیان لگاتار موبائل کو لے کر ہو رہے جھگڑوں سے پریشان ہو کر ماں نے کہا، “تم لوگ موبائل کے چکر میں لڑتے رہتے ہو، اس لیے کسی کو موبائل نہیں دوں گی۔” اس کے بعد ثانیہ ناراض ہو کر گھر کے غسل خانے میں چلی گئی۔لواحقین کے مطابق، کافی وقت گزرنے کے باوجود جب ثانیہ باہر نہیں نکلی تو اس کے باپ نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ اندر سے کوئی جواب نہ ملنے پر گھر والوں نے دروازہ توڑ دیا۔ اندر ثانیہ پھندے پر لٹکی ہوئی ملی۔ گھروالوں نے فوری طور پر اسے نیچے اتارا اور اسپتال لے جانے کی تیاری کی، لیکن تب تک اس کی موت ہو چکی تھی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دری تھانہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور معائنہ کیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی پوری کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔تھانہ انچارج کے مطابق، معاملے میں معاملہ درج کرکے لواحقین کے بیانات درج کیے جا رہے ہیں۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس واقعے سے جڑی تمام صورت حال کی جانچ کر رہی ہے۔
اس حادثے سے خاندان اور آس پاس کے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔ بیٹی کی موت سے ماں سمیت دیگر لواحقین شدید صدمے میں ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق، ثانیہ پرسکون طبیعت کی تھی اور پڑھائی میں بھی اچھی تھی۔فی الحال پولیس نے طالبہ کی موت کے پیچھے موبائل فون تنازعہ کی معلومات کو تحقیقات کا حصہ بنایا ہے۔ واقعے کی اصل وجہ اور حالات کا تعین کرنے کے لیے اہل خانہ کے بیانات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
