کھیلوں کے سامان کی تیاری کی اسکیم کو کابینہ کی منظوری، 1,856.67 کروڑ روپے خرچ ہوں گے
نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) مرکزی کابینہ نے 2026 سے 2033-34 تک کے لیے 1,856.67 کروڑ روپے کی لاگت سے ‘کھیلو انڈیا کھیلوں کے سامان کی تیاری کی اسکیم’ کو منظوری دے دی ہے۔ اس اسکیم کا مقصد ملک میں کھیلوں کے سامان کی تیاری، ٹیکنالوجی، تحقیق، اختراع اور برآمدات کو فروغ دینا اور عالمی بازار میں ہندوستان کی پوزیشن کو مضبوط بنانا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں پیش کی گئی تجویز کو منظوری دی گئی۔میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس اسکیم کے تحت کھیلوں کے سامان کی تیاری کے مراکز قائم کیے جائیں گے، جہاں مینوفیکچررز، سپلائرز، جانچ کے مراکز اور ڈیزائن کی سہولتیں ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔ ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے ترغیب دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے پیداوار میں اضافے اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کو وسعت دینے سے متعلق امداد پر 1,130 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس اسکیم میں چھوٹی اور درمیانہ صنعتوں کے موجودہ پیداواری مراکز کو جدید بنانے، مشترکہ سہولتوں کی ترقی اور بین الاقوامی کھیلوں کی فیڈریشنوں سے معیار کی تصدیق حاصل کرنے کے لیے بھی امداد فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ سرٹیفکیشن کے لیے 105 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کھیلوں کے آلات، نئے مواد اور جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی سے متعلق تحقیق کو فروغ دیا جائے گا۔ اسٹارٹ اپس، ہنرمندی کے فروغ اور ہندوستانی کھیلوں کے سامان کی بین الاقوامی بازاروں تک رسائی بڑھانے پر بھی زور دیا جائے گا۔مسٹر ویشنو نے کہا کہ اس اسکیم سے ملک میں کھیلوں کے سامان کی پیداواری صلاحیت مضبوط ہوگی، درآمدات پر انحصار کم ہوگا، سرمایہ کاری اور روزگار میں اضافہ ہوگا اور ہندوستانی کھیلوں کے سامان کی برآمدات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
