ووٹ کا حق چھیننے پر آمادہ مودی حکومت اب لوگوں سے جینے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے: کھرگے
نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بدھ کے روز کہا کہ ووٹ کا حق چھیننے پر آمادہ مودی حکومت اب لوگوں سے جینے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے۔مسٹر کھرگے نے کہا کہ تہواروں کے موسم میں کمر توڑ مہنگائی عام لوگوں کی کمائی کا ایک ایک پیسہ نگل رہی ہے، جس سے عام خاندانوں کے لیے گھر چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے مہنگائی اور گھریلو معاشی صورت حال سے متعلق اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ غذائی مہنگائی 2.13 فیصد سے بڑھ کر 7.74 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جب کہ خردہ مہنگائی 5.54 فیصد اور تھوک مہنگائی 11.39 فیصد ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گھریلو قرض میں 36.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور گھریلو مالی بچت میں چار فیصد کی کمی آئی ہے۔کانگریس صدر نے بی جے پی کے پرانے انتخابی نعروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اقتدار میں بیٹھی بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو بیان بازی سے فرصت ملے تو انہیں 2014 سے پہلے اپنے اشتہار ‘بہت ہوئی مہنگائی کی مار’ کو دوبارہ دیکھنا چاہیے۔ مسٹر کھرگے نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ‘اچھے دن’ کی امید میں 12 سال گنوا دیے ہیں۔
