ریاستی خبریں

حساس علاقوں اور سوشل میڈیا پر مؤثر نگرانی رکھی جائے: بھجن لال

جے پور (یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے تہواروں کے موسم میں تمام سینئر پولیس افسران کو میدان میں اتر کر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے اور محفوظ و پُرامن ماحول یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔مسٹر شرما نے منگل کی رات امن و قانون کی صورت حال سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس میں یہ ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ دھن تیرس، دیوالی، گووردھن پوجا اور بھیا دوج جیسے اہم تہواروں کے پیش نظر بازاروں، عوامی مقامات اور سیاحتی مراکز پر لوگوں کی آمد و رفت بڑھ جاتی ہے۔ تہواروں کے موسم میں امن، سلامتی اور قانون و انتظام برقرار رکھنے کے سلسلے میں پولیس انتظامیہ کی ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اہم بازاروں، مذہبی مقامات، بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر پولیس کی مناسب تعداد میں تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ حساس اور اہم علاقوں میں پولیس کی باقاعدہ موجودگی برقرار رکھنے کے ساتھ پیدل گشت، رات کے وقت گشت اور مؤثر ناکہ بندی پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیر اعلیٰ نے منشیات کے خلاف چلائی جا رہی مہم کو مسلسل مؤثر بنائے رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تہواروں کے موسم میں پولیس کی مصروفیت کا فائدہ منشیات مافیا اٹھا سکتا ہے۔ ایسے میں منشیات کی اسمگلنگ اور اسمگلروں پر خصوصی نظر رکھی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے منشیات مافیا اور سرگرم اسمگلروں کی شناخت کرکے ان کے نیٹ ورک پر مؤثر کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔