ریاستی خبریں

کرنٹ لگنے سے جنید کی موت پر کے ایس ای بی نے معافی مانگی، تحقیقات کا حکم

تروواننت پورم،  (یو این آئی۔) کیرالہ اسٹیٹ الیکٹریسٹی بورڈ (کے ایس ای بی) نے ملاپورم ضلع کے ترو رنگاڈی میں جنید (14) کی کرنٹ لگنے سے ہوئی موت پر عوامی طور پر معافی مانگی ہے اور واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ملاپورم ضلع کے ترو رنگاڈی میں بجلی کے کھمبے کے ٹوٹے ہوئے تار کے رابطے میں آنے سے جنید کو کرنٹ لگ گیا تھا، جس سے اس کی موت ہوگئی۔بورڈ انتظامیہ نے بچے کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اپنے ملازمین کی جانب سے بچے کے والدین، رشتہ داروں، دوستوں اور عام لوگوں سے معافی مانگی۔
بورڈ نے اپنے سرکاری فیس بک پیج پر جاری ایک بیان میں کہا کہ عام لوگوں اور اس کے ملازمین کی حفاظت سب سے زیادہ اہم ہے۔ مستقبل میں اس طرح کے حادثات پیش نہ آئیں، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تروُر الیکٹرک ڈویژن کے ڈپٹی چیف انجینئر کی نگرانی میں اس حادثے کی وجوہات کی غیر جانبدارانہ اور تفصیلی تحقیقات کی جائے گی اور جو بھی قصوروار پایا جائے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔بورڈ نے صارفین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بجلی سے متعلق حفاظتی خطرات کی نشاندہی کرنے میں تعاون کریں۔ عام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بجلی سے متعلق کسی بھی خطرے کی تصاویر اور تفصیلات واٹس ایپ نمبر 9496010101 پر بھیجیں، تاکہ ضروری اصلاحی کارروائی کی جاسکے۔