ریاستی خبریں

امت شاہ کی کرنال’جمہوریت بچاؤ،انتشارختم کرو‘پد یاترا کو تاریخی بنانے کی تیاریاں تیز

محمد زاہد امینی
نوح،میوات،سماج نیوز سروس: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی آئندہ 5 نومبر کو کرنال آمد اور’جمہوریت بچاؤ،انتشار ختم کرو‘پد یاترا کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی ہریانہ کی ریاستی صدرڈاکٹر ارچنا گپتا پیر کے روزکرنال پہنچیں۔انہوں نے ریاست بھر کے اہم پارٹی عہدیداروں کو کرنال طلب کرکے تنظیمی سطح پر تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔بعد ازیں سیکٹر-12 میں پروگرام کے مقام کا معائنہ کیا اور ضلع انتظامیہ کے افسران کے ساتھ مختلف انتظامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈاکٹر ارچنا گپتا کی صدارت میں پارٹی دفتر کرن کمل میں منعقدہ ریاستی سطح کی جائزہ میٹنگ میں ریاستی جنرل سکریٹری گوپال شرما،ستیہ پرکاش جراوتا، ریاستی نائب صدراشوک گرجر، ریاستی نائب صدرجواہر سینی، جناب لکشمن یادو، محترمہ رینو بالا گپتا اور کرنال کے رکن اسمبلی جگموہن آنند سمیت پارٹی کے متعدد سینئر عہدیدار موجود رہے۔میٹنگ کے دوران 5 نومبر کو مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ کی قیادت میں منعقد ہونے والی پد یاترا کے خاکے، تنظیمی ذمہ داریوں اور پروگرام سے متعلق مختلف انتظامات پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔کرنال کے رکن اسمبلی جگموہن آنند اس پد یاترا کے کنوینر ہوں گے۔ڈاکٹر ارچنا گپتا نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 نومبر کا پروگرام محض ایک پد یاترا نہیں،بلکہ پوری ریاست میں چلائی گئی ’جمہوریت بچاؤ، انتشار ختم کرو‘ مہم کی ایک اہم اختتامی تقریب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ کی آمد کے پیش نظر پارٹی تنظیم کی ہر سطح پر وسیع پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ پروگرام کو منظم اور خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لیے ریاستی، ضلعی، منڈل اور بوتھ سطح تک پارٹی کارکنان اور عہدیداروں کے درمیان مؤثر تال میل کو یقینی بنایا جائے۔ریاستی صدر نے پارٹی عہدیداروں کے ساتھ پروگرام کی تیاریوں سے متعلق ہر اہم پہلو کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں پد یاترا کے مقررہ راستے، پارٹی کارکنان کی شرکت،استقبالیہ انتظامات، پروگرام کے مقام کی تیاریوں،مختلف انتظامات کے ذمہ دار عہدیداروں اور تنظیمی تال میل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ڈاکٹر گپتا نے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی کے ساتھ نبھائیں اور مقررہ وقت کے اندر تمام تیاریاں مکمل کرنا یقینی بنائیں۔اس دوران انہوں نے ضلع انتظامیہ کے افسران کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ کی آمد، سیکورٹی انتظامات، لٹریفک کی روانی،پارکنگ، پد یاترا کے راستے اور پروگرام میں شرکت کرنے والے لوگوں کی سہولیات سمیت مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس مہم کے ذریعے جمہوری اداروں کے احترام، آئینی اقدار کے تحفظ اور جمہوری عمل پر عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے کا پیغام دے رہی ہے۔ڈاکٹر ارچنا گپتا نے اعتماد ظاہر کیا کہ 5 نومبر کو صبح 10بجے مرکزی وزیر داخلہ و تعاون جناب امت شاہ کی قیادت میں کرنال کے سیکٹر-12 سے مہاتما گاندھی چوک تک نکالی جانے والی پد یاترا تاریخی ہوگی۔اس موقع پر ریاستی جنرل سکریٹری گوپال شرما، جناب ستیہ پرکاش جراوتا،ریاستی نائب صدر اشوک گرجر، ریاستی نائب صدر جناب جواہر سینی، لکشمن یادو، محترمہ رینو بالا گپتا، پد یاترا کے کنوینر اور کرنال کے رکن اسمبلی جناب جگموہن آنند، بی جے پی کے ضلع صدر جناب پروین لاٹھر اور ضلع انچارج جناب جواہر یادو سمیت پارٹی کے متعدد ریاستی و ضلعی عہدیدار اور سینئر رہنما موجود رہے۔