پٹنہ، 17 جون (یواین آئی) بہار حکومت نے ریاست میں دلہن اور تلہن فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے مقصد سے موجودہ ر بیع سیزن میں چنا، مسور اور سرسوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی ) پر خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمہ کابینہ سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔
ڈاکٹر سدھارتھ نے بتایا کہ ربیع مارکیٹنگ سیزن 2025-26 کے لیے یہ اسکیم خوراک و صارفین کے تحفظ محکمے کے ذریعے نافذ کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے چنے کی ایم ایس پی فی کوئنٹل 5650 روپے، مسور کی 6700 روپے اور سرسوں کی 5950 روپے مقرر کی ہے۔ انہی قیمتوں پر بہار میں بھی اس بار دلہن اور تلہن کی خریداری کی جائے گی۔ کابینہ سکریٹریٹ محکمہ کے اے سی ایس نے بتایا کہ اسکول کلرکوں کے لیے سروس رولز کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اب تدریسی و غیر تدریسی ملازمین کی سروس کے دوران وفات کی صورت میں ان کے اوپر انحصار کرنے والوں کو ہمدردی کی بنیاد پر نوکری دی جا سکے گی۔ ان اسامیوں میں سے 50 فیصد ہمدردی کی بنیاد پر اور 50 فیصد براہ راست تقرری سے پر کی جائیں گی۔ڈاکٹر سدھارتھ نے بتایاکہ“اسکول لائبریرین کیڈر” کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جس سے سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں لائبریرینز کی تقرری ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے بتایاکہ محکمہ تعلیم میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے تین نئے مشیرکے عہدے بھی منظور کیے گئے۔اے سی ایس نے بتایاکہ صنعت کاری کے فروغ کے لیے سارن ضلع کے ارنا (امنورحلقہ) میں 70.5 ایکڑ زمین صنعت کاری کے لیے مختص کی گئی۔انہوں نے بتایاکہ میٹھاپور میٹرو اسٹیشن کی تعمیر کے لیے چندرگپت انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی 0.1555 ایکڑ زمین 10.49 کروڑ روپے کی لاگت پر الاٹ کی گئی۔بہار بلڈنگ بائی لاز 2014 میں ترمیم کرتے ہوئے اب بلڈنگ احاطوں میں 5G اینٹینا نصب کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے جس سے تیز موبائل انٹرنیٹ اور بہتر نیٹ ورک کوریج مل سکے گا۔ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے بتایاکہ ریاستی سطح پر کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے “اسٹیٹ اسپورٹس اکیڈمی اور انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی، راجگیر” کے لیے ٹرینرز کی سروس رولز 2025 کو منظوری دی گئی ہے۔
اے سی ایس نے بتایاکہ سون، کیول، پھلگو، مورہر اور چانن ندیوں میں سی ایم پی ڈی آئی کے ذریعہ ریت کی دوبارہ بھرپائی کا مطالعہ کرایا جائے گا تاکہ مانسون کے بعد سائنسی بنیاد پر مٹی و ریت کے جمع ہونے کا اندازہ لگایا جا سکے۔ اور درست کانکنی سروے رپورٹ کی بنیاد کانکنی کو منظوری دی جاسکے گی ۔انہوںنے بتایاکہ اس کے لیے 2.58 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ڈاکٹر سدھارتھ نے بتایاکہ 1717 خصوصی معاون پولیس (ایس اے پی) اہلکاروں، جو انڈین فوج سے ریٹائرڈ ہیں، کی سروس مدت مالی سال 2025-26 تک بڑھا دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ کی میٹنگ میں کل 20 تجاویز کو منظوری دی گئی۔