سمستی پور، یکم جون (یواین آئی) بہار کے دیہی امورکے وزیر اشوک چودھری نے کہا ہے کہ بہار میں مکھیہ منتری گرام سمپرک یوجنا (باقی) شروع کی گئی ہے جس کے تحت ریاست میں سو یا اس سے زیادہ کی آبادی والے باقی تمام ٹولوںمیں لنک سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔اتوار کو سمستی پور ضلع کے کرپوری گاؤں میں دیہی سڑکوں کی مضبوطی اور انتظام کم ڈائیلاگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چودھری نے کہا کہ لوگوں کی سہولت کے لیے پہلے مرحلے میں پوری ریاست میں تقریباً 24 ہزار کلومیٹر دیہی سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ دوسرے مرحلے میں بھی تقریباً 10 ہزار کلومیٹر سڑک بنائی جائے گی جس کے لیے جون میں ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔
وزیر نے کہا کہ تقریباً ایک دہائی کے بعد چیف منسٹر سیتو یوجنا دوبارہ شروع کی گئی ہے، جس کے تحت ریاست میں 650 نئے پل بھی بنائے جائیں گے، جس کے لیے محکمہ جاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر دیہی امور کے وزیر نے سمستی پور بلاک میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کا آغاز کیا۔اس موقع پر سمستی پور کی ایم پی شامبھوی چودھری، بی جے پی ایم ایل سی ترون کمار چودھری، جے ڈی یو کے سینئر لیڈر انل سنگھ، جے ڈی یو کے ضلع صدر درگیش رائے اور بی جے پی لیڈر رامسومرن سنگھ کے ساتھ این ڈی اے کے دیگر لیڈران موجود تھے۔