پٹنہ : جمعیت علماء بہار کے زیر اہتمام دینی وملی تنظیم کے ذمہ داران ، علماء ودانشور طبقہ کے ساتھ ایک مشاورتی نشست آج جمعیۃ علماء بہار کے ریاستی دفتر واقع مدنی مسافر خانہ، نزد پٹنہ جنکشن ، پٹنہ ۔۱ میں مولانا عباس قاسمی ، جنرل سکریٹری ، جمعیت علماء بہار کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ جمعیۃ کی روایت کے مطابق انتخاب سے قبل دینی وملی تنظیم کے ذمہ داران ، علماء ودانشوران کے ساتھ مل کر ــ’’مسلم اور سیکولر ووٹرس کے بکھراؤ کو کیسے روکا جائے‘‘ کے موضوع پر آپسی گفت وشنیداور سنجیدہ کوشش کرنے کی رہی ہے۔مشاورتی نشست کا آغاز مولانا محب اللہ عرفانی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جمعیت علماء بہار کے ناظم ڈاکٹر فیض احمد قادری نے تمہیدی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں بہار اسمبلی کا انتخاب ہونے والاہے۔ گذشتہ انتخابات میںمسلم اور سیکولر ووٹرس کے بکھراؤ کی وجہ سے مسلم نمائندگی کم ہوئی ہے اور فرقہ پرست جماعتوں کو اس کا فائد ہ ملا ہے۔ سابقہ تجربہ کی بنیاد پر اس موضوع پرمفید مشوروں پر ایک مضبوط لائحہ عمل مرتب کی سعی کی جائے ۔
جمعیت اہلحدیث کے نائب امیر مولانا خورشید مدنی نے کہا کہ مسلمانوں کی صفوں میں انتشار کی وجہ سے فسطائی طاقتیں کامیاب ہوجاتی ہے ۔ مسلمانوں کے ووٹوں کو متحد کرکے ہی کوئی مثبت نتیجہ برآمد کرنے کی امید کی جاسکتی ہے ۔
جماعت اسلامی بہار کے ناظم شہر قمر وارثی نے کہا کہ مسلم اور سیکولر ووٹرس کے سلسلے جمعیت کی یہ نشست بہت ہی ضروری ہے ۔ ایسے اہم معاملہ کی آج شروعات ہوئی ہے ۔ اور اس کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے۔
امارت شرعیہ بہار اڑیسہ و جھارکھنڈ کے معاون ناظم مولانا احمد حسین قاسمی نے کہا کہ جمعیت علما ء کی شاندار روایت کو برقرار رکھتے ہوئے دینی و ملی تنظیموں کے سربراہا ن کو سر جوڑ کر نہ صرف بیٹھنے کی ضرورت ہے بلکہ اس پر عملی اقدام کی سخت ضرورت ہے ۔اس موقع پر مولانا محمد صابر نظامی القاسمی، ریٹائرڈ اے ڈی ایم محمد امان اللہ، ڈاکٹر انوار الہدی ،ارشد متین ، ڈاکٹر نیاز خالد، تاجدار امان، مولانا محمد اسعد قاسمی، قاری محب اللہ عرفانی . اعظمی باری، نجم الحسن نجمی ، اعجاز احمد، سرور سلام ،دانش احمد قادری، ناصر حسین قادری، سید خالد نصیرالدین وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر انوارالہدیٰ نے شکریہ کی تجویز پیش کی اور جامع مسجد اسٹیشن کے امام و خطیب مولانا اسعد قاسمی کی دعا پر میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔