پٹنہ؍نئی دہلی: ریاستی حکومت بہار اسٹیٹ اسکول ٹیچر رولز-2023 میں کی گئی دفعات کے تحت، ریاستی سرکاری اسکولوں میں پہلی سے بارہویں جماعت کے لیے 1.78 لاکھ سے زیادہ اساتذہ کی تقرری کی جائے گی ۔یہ بحالی بہار پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی ہو گی، جس میں اساتذہ کی تنخواہ اور دیگر الاؤنسز پر تقریبا 11 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔منگل کو وزیر اعلی نتیش کمار کی صدارت میں ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کل 18 تجاویز کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ حکومت پنچایتی راج محکمہ میں لیکھ پال کی 6570 پوسٹوں پر بھی بحالی ہوگی۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد کابینہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس۔ سدھارتھ نے بتایا کہ کلاس 1 سے 12 تک کے اساتذہ کو بہار پبلک سروس کمیشن (BPSC) کے ذریعے بحال کیا جائے گا۔ اساتذہ کی تنخواہ اور دیگر الاؤنسز سے خزانے پر سالانہ تقریباً 11 ہزار کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑیگا۔ سدھارتھ نے بتایا کہ پہلی سے پانچویں جماعت کے لیے 85477 عہدے بنائے گئے ہیں. جبکہ چھٹی سے آٹھویں جماعت کے لیے 1745 آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کلاس 9-10 کے 33186 اساتذہ اور 11-12 کے 57618 اساتذہ کو بحال کیا جائے گا۔حکومت نے اساتذہ کے لیے مختلف پے اسکیل مقرر کیے ہیں۔جس میں کلاس 1 سے 5 کے اساتذہ کو ₹ 44180 مجموعی تنخواہ ملے گی۔ جبکہ کلاس 6 سے 8 کے اساتذہ کو مجموعی تنخواہ کے طور پر ₹ 49050 دی جائے گی۔8ویں سے 10ویں تک کے اساتذہ کو مجموعی تنخواہ کے طور پر ₹53970 دیے جائیں گے جبکہ 11ویں اور 12ویں کے اساتذہ کو مجموعی تنخواہ کے طور پر ₹55610 دی جائیں گی ۔ڈاکٹر سدھارتھ نے بتایا کہ اس سے قبل محکمہ پنچایتی راج کی مختلف اسکیموں کے نفاذ کے لیے اکاؤنٹنٹ کے 2096 عہدے منظور کیے گئے تھے۔ پنچایتی راج محکمہ کے بڑھتے ہوئے کام کو دیکھتے ہوئے 6570 خالی آسامیاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر تخلیق کی گئی ہیں۔ریاستی کابینہ نے گیا میونسپل کارپوریشن اور مظفر پور میونسپل کارپوریشن کے علاقوں میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کی تجویز پر غور کرنے کے بعد دونوں میونسپل کارپوریشن علاقوں میں 15 سال سے زیادہ پرانی تمام قسم کی تجارتی گاڑیوں کے چلانے پر پابندی لگا دی ہے۔ جس کا نفاذ 1 اکتوبر 2023. سے ہوگا ۔مظفر پور اور گیا کے ساتھ ساتھ پٹنہ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں، حکومت نے تھری وہیلر ڈیزل کمرشل گاڑیوں کو بیٹری، سی این جی یا پیٹرول میں اپ گریڈ کرنے کے لیے گرانٹ دینے کی تجویز کو بھی منظوری دی ہے جو 15 سال سے زیادہ پرانی ہیں۔ گرانٹ کی رقم 20 ہزار سے 40 ہزار روپے ہوگی۔












