نئی دہلی ، مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے اپنے تعزیتی بیان میں معروف وکیل اورماہرقانون داںجناب ظفریاب جیلانی کے سانحۂ ارتحال پررنج وغم کا اظہارکیاہے اور ان کی وفات کو بڑا خسارہ قرار دیاہے۔انہوں نے کہاکہ وہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے بہترین قانونی مشیرتھے اورقانونی امورسے متعلق رہنمائی میں بڑافعال کردار اداکرتے تھے۔ ان کی آراء کو بڑی اہمیت دی جاتی تھی اورقدرکی نگاہ سے دیکھاجاتاتھا۔موصوف کا شمارملت کے مخلص،حوصلہ مند اور دردمندافراد میں ہوتاتھا۔ذاتی طورپربھی میں ان سے متاثر تھاکیونکہ وہ انتہائی پرخلوص طریقے سے ملتے تھے اورپیش آمدہ مسائل میں بہت دردمندی اورہمدردی سے بات کرتے تھے ۔امیر محترم نے اپنے تعزیتی پیغام میں موصوف کے پسماندگان اور جملہ متعلقین سے اظہارتعزیت کیا ہے۔ رب العلمین ان کی مغفرت فرمائے،پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق بخشے اورقوم وملت خصوصا مسلم پرسنل لاء بورڈ کو ان کانعم البدل عطافرمائے۔ آمین












