نئی دہلی، سی ایس ای امتحانات 2022 کے نتائج جاری کردیئے گئے ہیں جس میں سرووکون ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت کوچنگ حاصل کرنے والے 6 طلباءنے کامیابی حاصل کی ہے۔ سرووکون ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت اولڈ راجندر نگر دہلی میں مفت کوچنگ دی جاتی ہے۔ سرووکون کے ڈائریکٹر حاجی قمرالدین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کوچنگ کی شروعات کو ابھی زیادہ عرصہ نہیں ہوا ہے اس کے باوجود نتائج نے بہت خوشی دی ہے اور میں ان طلبا کو جو بہت جلد افسر بن جائیں گے مبارک باد دیتا ہوں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ کوچنگ حاصل کرنے والے ہمانشو سامنت نے 348رینک حاصل کی ہے جبکہ شیوا پرکاش نے 578 اور شیوم نے 591 تو وہیں لڑکیوں میں دیشمکھ راج شری شانتا راما نے 719 جبکہ تسکین خان نے 736 اور ابھیشیک مینا نے 843 رینک حاصل کرکے سرووکون ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا نام روشن کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سرووکون فیملی کے لئے یہ بہت فخر کی بات ہے کہ سرووکون کے ذریعہ قائم کئے گئے کوچنگ سینٹر میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ایک مرتبہ میں پھر ان بچوں اور خاص طور پر لڑکیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ بھاریتہ سماج میں تعلیم کو فروغ دینے کے لئے محنت کریں گے۔












