نئی دہلی ،26مئی سماج نیوزسروس:6 مئی نئی دہلی گذشتہ روز شام کو اشوکا ہوٹل میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنے 9سالہ اقتدار کا جشن منانے کے سلسلے میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا ۔پروگرام کا نعرہ سوشاسن اور غریب کلیان کے شاندار 9سال تھا۔اس موقعہ پر بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے ملک کے مخصوص پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں کو خطاب کیا اور سرکار کی 9 سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔صدر جے پی نڈا نے کہا کہ ہم ان نو سالوں میں پہلی بار این ڈی اے محاذ جس کی قیادت نریندر مودی کر رہے ہیں کے کامیاب پروگرام اور پالیسی کو آپ کے سامنے پیش کرنے کا فخر حاصل کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان نو سالوں میں ملک کی دشا اور دشا دونوں میں مثبت تبدیلی ہوئی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 2014سے 2023تک کے سفر میں ہم نے اپنے ملک کے ہرطبقہ کا خیال رکھا ہے ۔ جس کی تفصیل آپ کے سامنے ابھی ڈیجیٹلی پیش کی جائے گی ۔غریبوں کی خدمت، پسماندہ طبقات کی عزت ،کسانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا،خواتین کی خود مختاری اور خود کفالت ،ان کی روز افزوں ترقی ۔سب کے لئے صحت کا معقول اور سستا انتظام ،متوسط طبقے کی آسان ہوتی زندگی، نیشن فرسٹ کو زمین پر اتارنے کی سعی اور اس کو تحریک بنا دینے کی کامیاب کوشش خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی پر بغیر کسی سمجھوتہ کے عمل در آمد عالمی اقتصادی سپر پاور بننے کی صلاحیت کا حصول ۔ کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے قانونی پیچید گیوں کو سہل اور قابل عمل تدبیروں کی تلاش ۔وغیرہ پر انہوں نے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2023 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے نو سال مکمل ہو چکے ہیں۔ یہ نو سال جامع، ترقی پسند اور پائیدار ترقی کے لیے وقف کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں حکومت اپنے تمام شہریوں کے لیے برابری کا موقعہ فراہم کرنے کے سلسلے میں پر عزم اور ثابت قدم رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ترقی کی سیاست کو مرکزی دھارے میں لائے ہیں اور اب سیاسی بات چیت اور پالیسی کے کام کا عمل اسی کے گرد گھومتا ہے۔2014 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے، وزیر اعظم مودی نے ہر پالیسی کی تشکیل اور نفاذ میں ‘انڈیا فرسٹ کا وژن پیش کیا ہے۔ ایسا کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم رہے۔ یہ عزم بیرونی اور داخلی سلامتی، اقتصادی انتظام، پسماندہ گروہوں کے لیے بااختیار بنانے کی اسکیموں، ثقافتی تحفظ کی کوششوں وغیرہ کے لیے حل تلاش کرنے کی حکومت کی کوششوں میں واضح طور پر نظر آتا ہے۔اس موقع پر بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر تجارت پیوش گوئل، وزیر ریلوے اور مواصلات کے وزیر اشونی ویشنو، اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر،کے علاوہ بی جے پی کے لیڈر شہزاد پونا والا یاسر جیلانی،گوروبھاٹیہ،شازیہ علمی وغیرہ موجود تھیں۔












