انقرہ، ترکی میں ایک ہولناک سڑک حادثے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ترکی کے صوبے أغرے میں ٹرک اور مسافر بس میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ترک حکام کے مطابق بس کے ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں بس میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی، اس حادثے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ترکی کے وزیر صحت نے بتایا کہ حادثہ پیر کو توتک میں پیش آیا، جو ایران اور آرمینیا کی سرحدوں کے قریب واقع ہے ۔ رپورٹس کے مطابق مسافر بس جس ٹرک سے ٹکرائی تھی اس میں گیسولین کی ترسیل کی جا رہی تھی۔بتایا جا رہا ہے کہ ایک ڈھلان اترتے ہوئے بس کے بریک نے کام چھوڑ دیا تھا اور بس بے قابو ہو کر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔