نئی دہلی،15جون ،:؍ ہمارا سماج:آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے نیٹ (NEET) کا امتحان پاس کرنے والے طلباء کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ کم نمبر لانے والے طلباء بھی مایوس نہ ہوں کیونکہ طب یونانی میں اُن کا مستقبل روشن ہے اور اب ایلوپیتھی کی طرح ہی طب یونانی میں سرکاری نوکری کے ساتھ وہ تمام مراعات جو ایلوپیتھی کو حاصل ہیں وہ طب یونانی میں بھی موجود ہیں۔ گورنمنٹ طبیہ کالج کے علاوہ پرائیویٹ طبیہ کالجز میں داخلہ لینے کے مواقع ہیں۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید کہا کہ وزارت آیوش کے قیام سے یونانی طریقہ علاج کو نہ صرف قومی سطح پر نئی پہچان ملی ہے بلکہ روشن مستقبل کی ضمانت بھی۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’بی یو ایم ایس‘ میں کامیابی کے بعد ایم ڈی، ایم ایس، پی ایچ ڈی اور مختلف کورسیز میں اسپیشلائزیشن کا ڈپلومہ اور آئی اے ایس و پی سی ایس وغیرہ میں داخلہ لے کر اپنا مستقبل تابناک بنایا جاسکتا ہے۔












