نئی دہلی: ٹرین کے سفر کے دوران سامان کے گم یا چوری ہونے کا واقعہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ کئی بار سامان اپنی ہی غلطی سے ریلوے اسٹیشن یا ٹرین میں رہ جاتا ہے اور کئی بار چور سامان لے جاتے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ ریلوے اسٹیشنوں پر ایسے گمشدہ سامان کی بازیابی میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس سال 2023 میں دہلی کے ریلوے اسٹیشنوں پر گمشدہ سامان کی بازیابی کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ زیادہ تر کھوئی ہوئی اشیاء نئی دہلی، آنند وہار، سرائے روہیلا اور پرانی دہلی اسٹیشنوں سے ملے ہیں۔ ریلوے پروٹیکشن فورس (RPF) کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جون تک دہلی کے 13 سے زیادہ اسٹیشنوں میں، RPF نے 1.2 کروڑ روپے کا کھویا ہوا سامان برآمد کیا اور انہیں مالکان کو واپس کر دیا۔ پچھلے سال، اسی مدت کے دوران، انہیں 64 لاکھ روپے سے زیادہ کا گم شدہ سامان ملا تھا۔2023 کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ تر سامان نئی دہلی اسٹیشن سے ملا، جس کی قیمت 30.8 لاکھ روپے ہے۔ اس کے بعد آنند وہار میں 16 لاکھ روپے، سرائے روہیلا میں 15.7 لاکھ روپے اور پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن سے 13.8 لاکھ روپے کا سامان برآمد ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق، ’گزشتہ سال نئی دہلی میں 32 لاکھ روپے کا سامان گم ہوا تھا، اسی طرح آنند وہار میں 8.2 لاکھ روپے، سرائے روہیلا میں 6.2 لاکھ روپے اور پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن میں 3.6 لاکھ روپے کا سامان ضائع ہوا تھا‘۔ اس سال حضرت نظام الدین اسٹیشن پر 13.2 لاکھ روپے مالیت کا گم شدہ سامان ملا اور باقی اسٹیشنوں سے گم شدہ سامان کی قیمت 25 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔سینئر ڈویژنل سیکورٹی کمشنر (RPF) پرینکا شرما نے کہا کہ بعض اوقات ٹرین میں سوار ہوتے وقت یا اسٹیشن سے نکلتے وقت مسافروں کو اتنی جلدی ہوتی ہے کہ وہ اپنا سامان نہیں اٹھا پاتے۔ بعد میں، آر پی ایف کی ٹیمیں گشت کے دوران ان اشیاء کو پاتی ہیں۔ پھر ان کے مالکان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارے پاس ایک ہیلپ لائن نمبر ہے جہاں ہمیں گمشدہ اور ملے سامان کے بارے میں کال موصول ہوتی ہے اور مناسب کارروائی کی جاتی ہے‘‘۔ ہم گمشدہ اشیاء کی تصاویر اور تفصیلات بھی اپ لوڈ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر پی ایف نے ’آپریشن امانت‘کے نام سے ایک پہل شروع کی ہے جس کے ذریعے مسافروں کو ان کا کھویا ہوا سامان واپس کرنے میں مدد ملتی ہے۔آر پی ایف کے ایک اور اہلکار نے بتایا کہ مسافروں کے اپنا سامان بھول جانے کے علاوہ چوری کے واقعات بھی ہوتے ہیں۔ کئی بار سامان لے کر بھاگنے والے چوروں کو آر پی ایف پکڑ لیتا ہے اور سامان صحیح مالکان کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔ اعداد و شمار سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ دہلی-این سی آر کے اسٹیشنوں پر گمشدہ اور برآمد ہونے والے سامان کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ 7 جون کو ایک خاتون مسافر نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے سفر کر رہی تھی۔ پھر اس کا بیگ چوری ہو گیا۔ خاتون نے اپنی رپورٹ درج کرادی۔ بعد میں اسے آر پی ایف نے برآمد کرلیا۔ ایک اہلکار نے بتایا، ’’بیگ میں 4.5 لاکھ روپے سے زیادہ کا سامان تھا۔گزشتہ سال مئی میں ایک 49 سالہ شخص کی 10 لاکھ روپے کی پینٹنگ کھو گئی۔ اس نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر آر پی ایف کو اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے ایک شخص کو پکڑا جو اس پینٹنگ کو لے کر جا رہا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا کہ وہ اسے کیلنڈر سمجھ کر اپنے گھر لے جا رہے تھے۔ مناسب کاغذی کارروائی کے بعد اسے اس کے مالک کے حوالے کر دیا گیا۔











