ایتھنز، (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کو جمعہ کے روز حکومت یونان نے ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا۔یونان کے اپنے ایک روزہ دورے کے دوران، مسٹر مودی کو یونان کی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر کیٹرینا ساکیلاروپولو نے گرینڈ کراس آف دی آرڈر آف آنر سے نوازا۔ اس موقع پر مسٹر مودی نے کہا کہ یہ اعزاز یونان کے لوگوں میں ہندوستان کے تئیں احترام کی عکاسی کرتا ہے ۔محترمہ ساکیلاروپولو کے ساتھ تصویر کو ٹیگ کرتے ہوئے ، مسٹر مودی نے سوشل سائٹس ایکس (ٹویٹر) پر لکھا، "یہ اعزاز ہندوستان کے تئیں یونان کے لوگوں کے احترام کی عکاسی کرتا ہے ۔وزیر اعظم نے بعد میں یونان کے وزیر اعظم کریاکوس میتسوتاکیس کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنے بیان میں بھی اس اعزاز کے لئے یونان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے یہ اعزاز ہندوستان کے 140 کروڑ لوگوں کے اعزاز میں قبول کیا ہے ۔ اس دورے میں ہندوستان اور یونان نے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی سطح پر لے جانے کا اعلان کیا ہے ۔قبل ازیں مسٹر مودی کا صبح ہی جنوبی افریقہ میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وہاں ایتھنز پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ مسٹر مودی چار دہائیوں میں یونان کا دورہ کرنے والے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم ہیں۔مسٹر مودی کو وزیر اعظم بننے کے بعد اس سے قبل فرانس، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت 14 ممالک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا گیا ہے ۔وزیر اعظم کے دورے سے پہلے ، خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا نے کہا تھا کہ ہندوستان بحیرہ روم کے مشرقی حصے سے جڑے یونان کو یورپی یونین کا ایک اہم رکن اور ایشیا، شمالی مغربی افریقہ اور مغربی یورپ کے خطے کے گیٹ وے کے طورپر دیکھتا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے یونان کے ایک روزہ دورے کے دوران دونوں ممالک نے دو طرفہ تعلقات کو ‘اسٹریٹجک پارٹنرشپ’ کی سطح تک بڑھانے اور دفاع، پیداوار اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سائبر سیکورٹی بڑھانے کے عزم کے ساتھ، 2030 تک دو طرفہ تجارت کو دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔مسٹر مودی نے وزیر اعظم کیریاکوس میچوتاکس کے ساتھ وفد کی سطح کی بات چیت کے بعد یہاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم کیریفکوس میچوتاکس اور میں نے آج ہندوستان-یونان شراکت داری کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔مسٹر مودی آج ہی جنوبی افریقہ میں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد یہاں آئے ہیں۔ وہ وزیر اعظم مسٹر میچوتاکس کی دعوت پر ایتھنز کے دورے پر ہیں۔ سال 1983 کے بعد ہندوستان کا کوئی بھی وزیر اعظم پہلی بار یونان کے دورے پر آیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ "ہندوستان اور یونان بنیادی ڈھانچے ، زراعت، تعلیم، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہنرمندی کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھا کر اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دیں گے ۔” انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور یونان دونوں نے دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ دفاعی صنعت کے شعبے میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا، "ہندوستان، یونان علاقائی اور عالمی مسائل پر ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔”انہوں نے بتایا کہ یونان کے وزیر اعظم سے ان کی گفتگو میں دہشت گردی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی بات ہوئی۔صبح ایتھنز پہنچنے پر، وزیر اعظم مودی کا رسمی استقبال کیا گیا اور ‘نامعلوم فوجیوں کی یادگار’ پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے میزبان وزیراعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت میں حصہ لیا۔دونوں وزرائے اعظم آج ہی دونوں ممالک کے تاجروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔












