شکیل احمد
نئی دہلی : /سماج نیوز سروس:مودی حکومت 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل خواتین کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک اور اسکیم شروع کرنے جارہی ہے ۔اس سلسلے میں مودی حکومت ملک میں سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ خواتین کو مزید بااختیار بنانے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گی۔ حکومت خواتین کو ڈرون اڑانے کی تربیت دے گی جس کے بعد خواتین زراعت سے متعلق کام میں بھی حصہ لے سکیں گی۔خبر کے مطابق پی ایم مودی نے یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے اپنی تقریر میں اس پلان کا ذکر کیا تھا۔ حکومت نے اس اسکیم کو ‘لکھ پتی دیدی کا نام دیا ہے۔ 15 اگست کو اپنی تقریر میں، وزیر اعظم نے زراعت کے شعبے میں ان کی شراکت بڑھانے کے لیے خواتین کو ڈرون ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پی ایم نے کہا تھا کہ سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کو ڈرون اڑانے اور مرمت کرنے کی تربیت دی جائے گی۔ اس اسکیم کے تحت حکومت 15 ہزار سیلف ہیلپ گروپس کی 2 کروڑ خواتین کو اس اسکیم سے جوڑے گی۔25 ہزار جن اوشدھی مراکز کا ہدف بھی حاصل کرنے کا پلان ہے ۔پی ایم نے منگل کو اس اسکیم کا ایک اجلاس میں جائزہ لیا۔ اس دوران پی ایم نے جن اوشدھی مراکز کی تعداد 10 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایم نے ان اسکیموں کو اس سال کے آخر تک نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایم او کے مطابق اس اسکیم کا فائدہ نہ صرف سیلف ہیلپ گروپوں کو ملے گا بلکہ آنگن واڑی میں کام کرنے والی خواتین کو بھی اس اسکیم سے جوڑا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ خود پی ایم مودی یوم آزادی پر لال قلعہ سے کئے گئے اعلانات اور اس سال بجٹ کے اعلانات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ واضح ہو کہ گزشتہ میٹنگ میں شہری اور متوسط طبقے کو سستے گھر فراہم کرنے کے لیے شرح سود میں ریلیف کی اسکیم کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے دیہی علاقوں میں شمسی توانائی کو فروغ دینے سے متعلق اسکیم کا بھی جائزہ لیا۔












