بھرت پور : 25اکتوبر /سماج نیوز سروس ۔راجستھان کے بھرت پور سے ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں زمینی تنازعہ میں ایک شخص کو ٹریکٹر سے کچل کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ ملزمان نے تقریباً 8 بار مقتول کے اوپر ٹریکٹر چڑھایا۔ یہی نہیں مقتول کی موت کے بعد بھی ملزمان اس کی لاش پر ٹریکٹر لے کر بے دردی سے چلاتا رہا۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ شخص بار بار مقتول شخص کے اوپر ٹریکٹر چلا رہا ہے۔ آس پاس لوگ موجود ہیں لیکن وہ مدد کے لیے آگے نہیں آ رہے ہیں اور واقعے کی ویڈیو بنا رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ قتل زمین کے تنازع پر کیا گیا۔ ملزم نے مقتول کو بے دردی سے کچل کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ رپورٹ کے مطابق ملزمان نے ایک یا دو بار نہیں بلکہ 8 بار ٹریکٹر اس پر چڑھایا۔ مقتول کے اہل خانہ بھی وہاں موجود تھے۔ وہ چیختے رہے لیکن ملزمان نے ان کی ایک نہ سنی۔ آس پاس اور بھی لوگ موجود تھے لیکن کسی نے مقتول کی مدد نہیں کی۔ واقعہ کے بعد سے گاؤں میں تناو ہے۔بتایا جارہا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان کافی عرصے سے زمین کا تنازع چل رہا تھا۔اس معاملے میں صدر تھانہ کے ایس ایچ او جئے پرکاش پرمار کا کہنا ہے کہ اڈہ گاؤں کے بہادر گجر اور اتر سنگھ گججر کے درمیان زمین کو لے کر کافی دنوں سے تنازع چل رہا تھا۔ دونوں فریقوں نے لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا۔ ایک دوسرے پر پتھر برسانے لگے۔ اس لڑائی میں خواتین بھی شامل تھیں۔ اس لڑائی کے دوران 35 سالہ نرپت گجر زمین پر گر گیا۔ اسی دوران بہادر کی طرف سے ملزمان نے ٹریکٹر اس کے اوپر چڑھا دیا۔ روکنے کے بعد بھی ملزم باز نہ آیا اور متاثرہ شخص پر ٹریکٹر کا پہیہ چلاتا رہا۔ مقتول ٹریکٹر کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ قتل کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ گاؤں کے لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔اس بیچ بی جے پی نے اس بہیمانہ قتل کے درمیان بھی سیاست کا زاویہ ڈھونڈ لیا اوراس کے لیڈر ستیش نے کہا کہ سی ایم کے عہدے کی فکر نے سی ایم اشوک گہلوت کو اتنا خوفزدہ کر دیا ہے کہ وہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کو مضبوط کرنا بھول گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ اس کے لیے اشوک گہلوت کو ‘عوام کی عدالت میں سزا ملنی چاہیے۔












