مرینا/بھوپال، 6 نومبر (یو این آئی)بڑی رقم کے لین دین کے سلسلے میں موبائل فون پر بات چیت سے متعلق مبینہ ویڈیو وائرل ہونے کے سلسلے میں مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کے بیٹے دیویندر پرتاپ سنگھ تومر کی شکایت پر مدھیہ پردیش کے مرینا میں کوتوالی پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے ۔ اس دوران ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس حملہ آور بن گئی ہے ۔کچھ منٹوں کے اس نام نہاد وائرل ویڈیو میں کم از کم دو افراد کو فون پر بات کرتے ہوئے سنا جا رہا ہے ۔ جس میں بڑی رقم کے لین دین کے سلسلے میں بات چیت ہورہی ہے ۔ اتوار کی شام اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد دیویندر پرتاپ سنگھ تومر نے دیر رات مرینا پولیس کو تحریری شکایت بھیجی گئی۔ اس کے بعد دیر رات کوتوالی پولس نے نامعلوم افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے ۔مرینا سٹی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ راکیش گپتا نے بتایا کہ پولیس نے پپو سنگھ تومرکے ذریعے تحریری شکایت ملنے کی بنیاد پر معاملہ درج کر لیا ہے ۔ یہ شکایت دیویندر پرتاپ سنگھ تومر نے کی ہے ۔ پولیس نے معاملے کو اپنی جانچ میں لے لیا ہے۔مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر مرینا ضلع کی دیمنی اسمبلی سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں ہیں۔ ان دنوں انتخابی مہم زور پکڑ رہی ہے اور ووٹنگ 17 نومبر کو ہوگی۔ ایسے وقت میں نام نہاد ویڈیوسامنے آیا ہے ۔ دیویندر نے شکایت میں الزام لگایا ہے کہ اتوار کو ان کے نوٹس میں آیا۔ اس میں مبینہ طور پر میرے (دیویندر) کی طرف سے یہ کہہ کر جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ کروڑوں کا لین دین ہوا ہے ۔ اس جعلی ویڈیو کو ایڈٹ کرکے ایک سازش رچی جارہی ہے اور منفی ماحول بنایا جارہا ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیو وائرل کرکے ان کی شبیہ اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ایسی کوئی رقم نہ تو اس کے بینک اکاؤنٹ میں آئی اور نہ ہی اس کے خاندان یا اس سے وابستہ کسی کے اکاؤنٹ میں۔ شکایت میں ویڈیو کو مکمل طور پر جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا گیا ہے ۔ پولیس نے اس شکایت کی بنیاد پر ایک نامعلوم شخص کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 469 کے تحت مقدمہ درج کر کے جانچ شروع کردی ہے ۔اس بیچ ریاستی کانگریس نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مذکورہ ویڈیو پوسٹ کیا اور لکھا’بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر کے بیٹے دیویندر تومر کا کروڑوں کی رشوت کی پیشکش کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے ۔ مودی جی، نہ میں کھاؤں گا اور نہ کھانے دوں گا۔‘ریاستی کانگریس کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین کے کے مشرا سمیت کئی لیڈروں نے اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے سوال اٹھائے ہیں۔کانگریس کے سینئر لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے سوشل میڈیا ایکس پر اس نام نہاد ویڈیو سے متعلق پوسٹ میں لکھا ہے ، ’میں وزیر زراعت سے جاننا چاہتا ہوں، کیا یہ ویڈیو سچ ہے ؟ اگر یہ سچ نہیں ہے تو قانونی کارروائی کریں، اگر سچ ہے تو فوراً استعفیٰ دے دیں۔‘












