رائے پور: 7نومبر /سماج نیوز سروس ۔پہلے مرحلے میں ریاست کی 90 میں سے 20 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے اور دوپہر ایک بجے تک 44.5 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر لیا۔ دن چڑھنے کے ساتھ ووٹنگ کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔ صبح 9 بجے تک یہاں تقریباً 10 فیصد ووٹروں نے اپنا ووٹ ڈالا تھا۔
ووٹنگ کے حوالے سے ووٹرز میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ سرکاری معلومات کے مطابق جن 20 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے، ان میں سے 10 سیٹوں پر سات بجے اور 10 سیٹوں پر آٹھ بجے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا۔ ابتدائی طور پر کئی پولنگ اسٹیشنوں پر لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔
پہلے مرحلے کے 20 اسمبلی حلقوں میں کل 223 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں، جن میں 198 مرد اور 25 خواتین ہیں۔ پہلے مرحلے کے 40 لاکھ 78 ہزار 681 ووٹرز میں سے 19 لاکھ 93 ہزار 937 مرد ووٹرز، 20 لاکھ 84 ہزار 675 خواتین ووٹرز اور 69 تیسری جنس کے ووٹرز ہیں۔
کل 5304 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ان میں سے 200 سنگواری پولنگ اسٹیشن ہیں جہاں صرف خواتین پولنگ اہلکار تعینات ہوں گی۔ پہلے مرحلے کے 20 اسمبلی حلقوں میں سے دس اسمبلی حلقوں میں صبح 7 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک اور دس اسمبلی حلقوں میں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ ان میں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پنڈاریا، کاواردھا، خیر گڑھ، ڈونگر گڑھ، راج ناندگاؤں، ڈونگرگاؤں، کھوجی، بستر، جگدل پور اور چتر کوٹ اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔ جبکہ موہلا مان پور، انتا گڑھ، بھانوپرتاپور، کانکیر، کیشکل، کونڈاگاؤں، نارائن پور، دنتے واڑہ، بیجاپور اور کونٹا اسمبلی حلقوں میں صبح 7 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔












