کانپور۔انجمن فروغ سنت کانپور کے زیر اہتمام 46 سالہ قدیمی اجلاس سیرت صحابہ امسال 02،03 دسمبر 2023 بروز سنیچر اتوار بعد نماز عشاء سے قاضی شہر کانپور حافظ و قاری معمور احمد جامعی کی زیر صدارت منعقد ہوں گے۔جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے جمعیۃ دفتر میں اخبار نویسوں سے بات کرنے کے دوران اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ تاریکیوں میں گھری، سسکتی و بلکتی انسانیت کو امن و محبت، آپسی بھائی چارہ، انسانی مساوات، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے اور رنگ ونسل، ذات برادری، مذہب و مسلک سے اوپر اٹھ کر ساری مخلوق کو خدا کا کنبہ سمجھتے ہوئے خدمت خلق کا حقیقی جذبہ پیدا کرنے کیلئے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے جانثار شاگرد حضرات صحابہ کرامؓ کی پاکیزہ سیرت اور تعلیمات ساری دنیا کیلئے مشعل راہ اور نمونہ ہیں۔آج اگر انسانیت کو بچانا ہے تو گھر گھر میں حضرات صحابہ کرامؓ کی مبارک سیرت کو عام کرنا ہوگا اور ایک ایک انسان تک حضرات صحابہ کرامؓ کی پاکیزہ تعلیمات کو پہنچانا ہوگا۔اسی مقصد کے تحت انجمن فروغ سنت کانپور کے زیر اہتمام گزشتہ 46برسوں سے رجبی گراؤنڈ پریڈ میں ”سیرت صحابہ ؓ“ کے عنوان سے دو روزہ اجلاس منعقد کئے جاتے ہیں جوکہ امسال02،03 دسمبر 2023بروز سنیچر، اتوار جبی گراؤنڈ میں منعقد ہوں گے۔ مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے اجلاس کے بارے میں قاضی شہر حافظ معمور احمد جامعی کے حوالہ سے بتایا کہ اجلاس میں شرکت کیلئے مولانا مفتی محمد راشد صاحب اعظمی استاذ حدیث و نائب مہتمم دار العلوم دیوبند،مولانا عبد العلیم فاروقی لکھنؤرکن شوری دارالعلوم دیوبند،مولانا انیس آزاد صاحب بلگرامی نقشبندی مجددی، مولانا عیسیٰ بندہ ئ الٰہی صاحب مہتمم جامعہ مدینۃ العلوم کوشامبا سورت، مولانا انوار الحق قاسمی دار المبلغین پاٹا نالہ لکھنؤنے شرکت کیلئے منظوری دے دی ہے۔ تلاوت قرآن کیلئے ملک کے مشہور و معروف قاری قاری طیب جمال مظاہری سہارنپور اور نعت خوانی کیلئے حافظ محمد فہیم صاحب پہانوی تشریف لا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی قراء میں قاری محی الدین مظاہری استاذ مدرسہ مظہرالعلوم قاری محمد غزالی خاں موجود رہیں گے۔ اجلاس میں خواتین کو بھی پردہ کے ساتھ شرکت کا موقع دیا جاتا ہے۔شب کے جلسوں کے علاوہ اجلاس کے دوسرے دن خواتین کی ایک خصوصی نشست بھی منعقد ہوتی ہے۔امسال بھی اجلاس کے دوسرے یعنی03دسمبر بروز اتوار کودن میں 2بجے خواتین کیلئے خصوصی نشست ہوگی۔جلسہ کی نظامت مولانا سمیع اللہ قاسمی،قاری محمد آصف ثاقبی انجام دیں گے۔مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے شہر کے تمام عوام و خواص سے ان اجلاس میں شرکت کی اپیل کی ہے۔












