سری نگر،28نومبر : نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کے روز کہاکہ این سی جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کی واحدعوامی نمائندہ جماعت ہے ، جس نے ہر حال میں لوگوں کے احساسات ، جذبات اور اُمنگوں کی ترجمانی کی ہے ، اسی جماعت کی عظیم قربانیوں کی بدولت یہاں کے لوگوں خود اعتماد اور خدااعتمادی کا جذبہ حاصل ہوا اور عزت و وقار کیساتھ اپنی زندگی گزارنے کا موقع فراہم ہوا۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹر پر مختلف عوامی وفود، پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کے علاوہ پارٹی لیڈران کیساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو جب بھی موقعہ ملا اس نے جموں وکشمیر میں تعمیر و ترقی اور یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا اور مستقبل میں بھی اس جماعت کی ترجیح یہاںکے عوام ہی ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو موجودہ سخت ترین چیلنجوں اور مشکلات سے بھی نیشنل کانفرنس ہی نکال سکتی ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ ہم اس جماعت کی آبیاری کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ دشمن نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے کیلئے کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ہیں۔ لوگوں کی وفادار بدلنے کیلئے زرکثیر خرچ کیا جارہاہے لیکن جس کے دل میں واقعی اپنے وطن کی محبت اور اپنے لوگوںکیلئے واقعی کچھ کرنے کا جذبہ ہوگا وہ کسی بھی صورت میں اپنے ایمان کا سودا کرنے کیلئے تیا رنہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ بہت سارے کالے بھیڑیئے فریبی لبادے اوڑھ کر ہماری صفوں میں شامل ہونے کی کوششوں میں ہیں لیکن ہمیں ان سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ ان لوگوں نے ہمیشہ اپنے حقیر مفادات کیلئے جموںوکشمیر کے مفادات کو زک پہنچائی ہے ۔












