سری نگر، 6 دسمبر : نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات سے محروم رکھ کر جموں و کشمیر کو بر بادی کی طرف لے جایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسا کرکے حکومت اور الیکشن کمیشن ‘فکسڈ میچ’ کھیل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘حکومت کہتی ہے کہ انتخابات کے متعلق الیکشن کمیشن کو فیصلہ لینا ہے تو الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ اس کے لئے ہمیں حکومت کے ساتھ مشورہ کرنا ہے ‘۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ؛’اسمبلی انتخابات سے محروم رکھ کر جموں و کشمیر کو بر بادی کی طرف لے جایا جا رہا ہے جموں وکشمیر کے لوگوں کا حق ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال کرکے اپنے حکمرانوں کا انتخاب کریں’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمیں لگاتار سال 2014 سے اس فیصلے سے محروم رکھا جا رہا ہے ایک عجیب سا فکسڈ میچ کھیلا جا رہا ہے حکومت کہتی ہے کہ اس کے متعلق الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنا ہے اور الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ ہمیں حکومت کے ساتھ مشورہ کرنا ہے ‘۔انہوں نے کہا: ‘ظاہر سی بات ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے پیچھے چھپنے کا کام کر رہے ہیں جس کا خمیازہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بھگتنا پڑتا ہے ‘۔عمر عبداللہ نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دلی میں ایک میٹنگ میں دلی سے دوری اور دل سے دوری کو ختم کرنے کی بات کی تھی۔












