نئی دہلی، 14 دسمبر،سماج نیوز سروس: قومی راجدھانی دہلی اب الیکٹرک بسوں کے معاملے میں پورے ملک میں پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔ دہلی حکومت نے جمعرات کو دہلی کی سڑکوں پر مزید 500 نئی الیکٹرک بسیں لانچ کیں۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ایل جی وی کے سکسینہ کے ساتھ آئی پی ڈپو سے ان بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ان 500 بسوں کے بیڑے میں شامل ہونے کے بعد دہلی میں الیکٹرک بسوں کی تعداد اب بڑھ کر 1300 ہو گئی ہے۔ جبکہ سی این جی بسوں سمیت کل 7232 بسیں سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں۔ یہ تمام الیکٹرک بسیں بیٹریوں پر چلیں گی اور کوئی آلودگی نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ، یہ بسیں مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہیں، سی سی ٹی وی، پینک بٹن سے لیس ہیں۔جی پی ایس سے لیس ہیں۔ ان بسوں کے آنے سے دہلی والوں کا سفر آسان ہو جائے گا۔ ای بسوں کے چلانے سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ اس سے دہلی کے اندر فضائی آلودگی میں کمی آئے گی اور ماحول صاف ستھرا رہے گا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے بیڑے میں 500 نئی الیکٹرک بسوں کو شامل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج 500 مزید الیکٹرک بسیں محکمہ ٹرانسپورٹ کے بیڑے میں شامل کی گئی ہیں۔ اس کے لیے میں دہلی کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اب دہلی میں 1300 الیکٹرک بسیں ہیں. الیکٹرک بسوں کے معاملے میں دہلی ملک میں نمبر ون بن گئی ہے۔ دہلی کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو مضبوط بنانے کی ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کیا، "آج عزت مآب لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ دہلی میں 500 نئی الیکٹرک بسوں کا آغاز کیا گیا۔ اب دہلی میں 1300 الیکٹرک بسیں ہیں، جو ملک میں سب سے زیادہ ہیں۔ ہمارا ہدف ہے کہ 2025 تک کل 8000 الیکٹرک بسیں ہوں۔ اس وقت دہلی میں 10 ہزار سے زیادہ بسیں ہوں گی۔80 فیصد بسیں الیکٹرک ہوں گی۔ ہماری لگژری الیکٹرک بسیں اب دہلی کی نئی شناخت بن رہی ہیں۔ اندرا پرستھ ڈپو میں برقی بسوں کا افتتاحی پروگرام جمعرات کی صبح قومی ترانے کے ساتھ شروع ہوا۔ ایل جی وی کے سکسینہ اور وزیر اعلی اروند کیجریوال نے نئی الیکٹرک بسوں میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے بسوں میں موجود جدید ترین سہولیات کے بارے میں جانکاری دی۔ اس کے بعد بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ کمشنر آشیش کندرا اور دیگر اعلیٰ افسران موجود رہے۔ دوسری جانب وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے دہلی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کی اور بیڑے میں شامل 500 نئی الیکٹرک بسوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ دہلی کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن دہلی کے لوگوں کے لئے ایک بڑا اور مبارک دن ہے۔ آج 500 الیکٹرک بسوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا ہے۔












