کانپور،31؍دسمبر،پریس ریلیز،ہماراسماج: شہری جمعیۃ علماء کانپور کے زیراہتمام21؍دسمبر سے شروع ہونے والی نشہ مخالف مہم آج 17؍ویں ریلی میر پور پکڑیا چوراہے پہ نشہ کو جڑ سے ختم کرنے کے عز م اور دعاء کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ اِن 11؍دنوں میں جاجمؤ کے مختلف علاقے،رجبی روڈ، نئی سڑک، پریڈ ، راوتپور، بابوپوروہ، پرانا کانپور، رمئی پور، بھینسیا احاطہ، قدوائی نگر، چمن گنج، مچھریا، پٹکاپور، پھول باغ ، جوہی لال کالونی، بانسمنڈی، قلی بازار، میرپور میں کل ملاکر 17؍ریلیاں نکالی گئیں جس میں ہزاروں افراد نے شرکت درج کرائی۔ آج آخری روز 11؍بجے قلی بازار،2؍بجے میرپور سے ریلی نکالی گئی۔نشہ مخالف و صفائی بیداری مہم کے روح رواں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی جو عمرہ کے مبارک سفر پہ روانہ ہوئے ہیں، انہوں اپنے پیغام میں شہری جمعیۃ علماء کے تمام ذمہ داران و کارکنان سمیت تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کی نیز شہری انتظامیہ کے تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان جو اپنی پیرانہ سالی کے باوجود ہر ریلی میں شریک رہے اور لوگوں کو نشہ سے بچنے کی تلقین کرتے رہے، انہوں نے کہا کہ مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ کے بعد اب ان کے جانشین مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی اپنے والد کی جانشینی کا حق ادا کر رہے ہیں، مولانا عبد اللہ کی ہی نگرانی میں فی الحال11؍روز کی مہم چلائی گئی ہے لیکن یہ کام پوری زندگی کرنے کا ہے۔ ہر پل، ہر لمحہ اپنے گھر والوں، باہر والوں، دوستوں پورے سماج کو نشہ سے بچانے اور گندگی کو دور بھگانے کی فکر ہونی چاہئے، یہ ملک و قوم کی سب سے بڑی خدمت ہوگی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء کے کارکنان نشہ کی لت چھڑانے میں مدد کریں گے۔
نائب صدر مولانا نور الدین احمد قاسمی نے اختتامی خطاب میں کہا کہ آج اگر ہم نے نشہ اور گندگی کو دور بھگانے کے معاملہ میں سنجیدگی سے کوئی لائحہ عمل طے نہیں کیا اور اپنے جوانوں اور بچوں کی فکر نہیں کی تو پھر تاریخ ہم کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ مولانا نے کہا کہ سب سے پہلی ذمہ داری والدین کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے دلوں میں منشیات کی نفرت اور صفائی کی محبت پیدا کریں، ان کے فرینڈ سرکل کا جائزہ لیں، ضرورت سے زیادہ پیسے دینے سے احتیاط کریں، منشیات کی طرف رغبت کی جو وجوہات ہوں ان سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے اور جو دوکاندار چند پیسوں کی خاطر منشیات فروخت کررہے ہیں اور بچوں کا مستقبل تاریک کررہے ہیں یا جو لوگ سڑکوں پر کوڑا پھینکتے ہیں ،ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ اگر آج یہ اقدام نہ کیے گئے تو اپنے بچوں اور سماج کی تباہی کے ہم بھی برابر کے ذمہ دار ہوں گے۔نائب صدر محمود عالم قرشی نے تفصیل کے ساتھ نشہ کے نقصانات سے عوام الناس کو آگاہ کیا اور نشہ میں مبتلا نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نشہ کی عادت چھڑانے کیلئے ہم سے رابطہ کریں۔
حافظ محمد ندیم نے جمعیۃ علماء کے ذمہ داران و کارکنان کو اس عظیم تحریک کیلئے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ اور بڑے پیمانے پر یہ مہم چلائی جانی چاہئے، جمعیۃ علماء اپنے اسلاف کے مشن پر آج بھی قائم و دائم ہے اور یہی اس جماعت کی پہچان ہے۔مولانا محمد طارق قاسمینے کہا کہ عملی جدوجہد کے ساتھ اللہ کی بارگاہ میں دعا بھی کریں کہ ہماری ان کوششوں کو شرفِ قبولیت عطا ہوجائے۔ محنت کرنا ہمارا کام ہے لیکن اللہ سے رجوع کیے بغیر کامیابی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔حافظ ولی الدین نے لوگوں سے کہا کہ ہماری یہ مہم صدقہ جاریہ ہے، اگر ایک شخص بھی اس مہم کے ذریعہ راہِ راست پر آگیا تو ہماری عاقبت کیلئے انتہائی مفید ہوگا۔ اس لئے خواہ چند منٹ کیلئے ہی سہی لیکن اس ریلی میں شامل ہوکر اپنا نام بھی درج کروائیں۔
شہری جمعیۃ کے رکن منتظمہ حافظ محمد رضوان صدیقی نے عوام الناس کو عوام کو بیدار کرتے ہوئے جمعیۃ علماء کی اس مہم کو بھرپور تعاون دینے کیلئے باشندگانِ شہر و پولیس انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔آخری دن کی دونوں ریلیوں میں مفتی محمد ہارون قاسمی، حافظ محمد عالم ، سماج خدمتگار محمد عمر شریف ، اسلام الدین غازی، ناصر قریشی، اروند ترویدی، راجہ خان، تنویر ایڈوکیٹ، اشوک اوستھی، خالد صدیقی، نوشاد قریشی، انس احمد، محمد عادل، اعجاز احمدکے علاوہ کثیر تعداد میںمقامی عوام موجود تھے۔












