کانپورپریس ریلیز،ہماراسماج:سابق قاضی ئشہر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی علیہ الرحمہ کی صدارت میں مولانا علیہ الرحمہ کی شروع کردہ گزشتہ 12/سالوں سے ہونے والی مظاہرہئ حسن قرأت و عظمت قرآن کانفرنس 13/جنوری بروز سنیچرلیاقت دادا کا چوراہا، طلاق محل کانپور میں مولانا اسامہؒ کے جانشین مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء اترپردیش کی صدارت میں سابقہ آب و تاب کے ساتھ منعقد ہونے جارہی ہے۔ شہری جمعیۃ علماء کے دفتر جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں مذکورہ کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر بات کرتے ہوئے تنظیم اہل سنت والجماعت کے صدر و شہری جمعیۃ علماء کانپور کے نائب صدر مولانا محمد اکرم جامعی نے بتلایا کہ قرآن پاک کو تجوید و ترتیل، حسن صوت اور اسکے مکمل آداب و رعایت کے ساتھ پڑھنے کا جذبہ پیدا کرنے، اسکو سمجھنے اور سمجھنے کی شرائط سے واقف کرانے، قرآنی ہدایات اور آخری پیغمبر جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ تعلیمات کے مطابق زندگی کو بنانے، سنوارنے پرآمادہ کرنے کے لئے انجمن ترتیل القرآن و تنظیم اہل سنت والجماعت کے زیراہتمام گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی 13/جنوری بروز سنیچربعد نماز عشاء لیاقت دادا چوراہا طلاق محل میں کانفرنس منعقد ہورہی ہے۔انجمن ترتیل القرآن کے جنرل سکریٹری قاری مجیب اللہ عرفانی اور تنظیم اہلسنت والجماعت کے رکن مفتی اظہار مکرم قاسمی نے مشترکہ طور پر بتلایا کہ مظاہرہ قرأت میں حسب سابق ملک کے جید نامور قراء قاری آفتاب احمد دار العلوم دیوبند، قاری ارشاد احمد دار العلوم دیوبند، قاری محمد واصف عثمانی دار العلوم وقف دیوبند، قاری ریاض احمد دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، قاری عبد الرحیم جامعہ تعلیم الدین ڈابھیل گجرات، قاری جابر احمد مدرسہ اشاعت العلوم اکل کواں مہاراشٹر،قاری انعام الرحمن مدرسہ محمدیہ عربیہ سورت گجرات، قاری عبد المعبود فرقانی بلرامپوری تشریف لا رہے ہیں۔ انہوں نے بتلایا کہ قرأت القرآن سے پہلے عظمت قرآن اور اس کو سمجھنے کی شرائط اور ضابطے پرمتکلم اسلام مولانا مفتی محمد راشد اعظمی نائب مہتمم دار العلوم دیوبند کا بیان ہوگا، اس کے علاوہ کانفرنس میں مقامی قرأ بھی شریک رہیں گے۔ انہوں نے بتلایا کہ کانفرنس کی تیاریاں آخری مرحلہ میں ہیں، اُنہوں نے عوام خواص سے کثیر تعداد میں شرکت کی درخواست کی ہے۔اس موقع پر شہری جمعیۃ علماء کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، مولانا محمد طارق قاسمی، مولانا محمدشعیب مبین مظاہری، مولانا محمد شاہد قاسمی کے علاوہ دیگر لوگ موجود رہے۔












