بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران کانگریس کے سابق صدر اور ایم پی راہل گاندھی نے پران پرتشٹھا تقریب پر ایک بار پھرکیا حملہ ،
رام مندر کی تعمیر سے بی جے پی میں خوشی کی لہر ، جمعرات کو پی ایم مودی بلند شہر یوپی سے انتخابی مہم کا کریں گے آغاز
راہل گاندھی اپنے بیان میں اور کیا بولے
پران پرتشٹھا آر ایس ایس اور بی جے پی کا پروگرام
انڈیا اتحاد کا مقابلہ آر ایس ایس اور بی جے پی سے
الیکشن کے بعد ہی انڈیا اتحاد اپنا چہرہ طے کرے گا
ہماری یاترا میں ایودھیا جانا فی الحال شامل نہیں ہے
نئی دہلی :ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے بعد ہوئی پران پرتشٹھا تقریب سے بی جے پی میں خوشی کی لہر ہے ۔وہ اس کا کریڈٹ لیتے ہوئے عام انتخابات 2024؍میں کامیابی کا خواب دیکھ رہی ہے۔بی جے پی کا خیال ہے کہ اس وقت پورے ملک میں رام کی لہر چل رہی ہے لیکن پرنسپل اپوزیشن کانگریس کی نظر میں کہیں کوئی لہر نہیں ہے اور یہ سب جو کچھ ہو رہا ہے وہ بی جے پی کی اپنی سیاست ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں ۔ اس وقت جو ملک کا ماحول نظر آ رہا ہے اس پر یہ تصور کیا جا رہا ہے کہ اس مرتبہ عام انتخابات 2024؍ کا الیکشن لوک تنتر کے مقابلہ دھرم تنتر پر مبنی ہوگا ۔منی پور سے ممبئی تک کی بھارت جوڑو نیائے یاترا پر نکلے راہل گاندھی نے آسام کی راجدھانی گوہاٹی میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کسی بھی رام لہر سے انکار کیا ۔ ان سے میڈیا نے سوال کیا کہ کیا ملک میں رام لہر آپ دیکھ رہے ہیں ؟اس پر انھوں نے کہا کہ کوئی رام لہر نہیں ہے ۔ ایودھیا میں پران پرتشٹھا بی جے پی کا سیاسی پروگرام تھا ۔پیر کو پی ایم مودی نے شو کیا ہے ۔راہل گاندھی نے کہا کہ ان کی بھارت جوڑو نیائے یاترا میں جتنی رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس کی وجہ سے اس یاترا کو اتنی شہرت مل رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہیمنت وشوشرما کی دھمکیوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ رام لہر کا مقابلہ آپ کیسے کریں گے ؟ اس سوال پر راہل گاندھی نے کہا کہ ایسی کوئی بات ہے ہی نہیں کہ رام لہر چل رہی ہے۔وہ سب مودی جی کااپنا پروگرام تھا ، اچھی بات ہے لیکن ہمارے پاس ملک کو مضبوط کرنے کے لیے پانچ نیائے یوجنائے ہیں اور ان سب کو میں آپ لوگوں کی خدمت میں پیش کروں گا ۔ راہل گاندھی سے جب یہ سوال کیاگیا کہ کیا آپ ایودھیا جاکر رام للا کے درشن کریں گے ؟ تو اس پر انھوں نے کہا کہ فی الحال میں بھارت جوڑو نیائے یاترا پر ہوں ، میرے اس روٹ میں ایودھیا شامل نہیں ہے ۔ یعنی راہل گاندھی نے فی الحال ایودھیا جانے سے صاف انکار کردیا ۔ انھوں نے کہا کہ ہماری جو یاترا ہے اس کے پانچ ستون ہیں ۔ نوجوانوں کو انصاف ، حصہ داری ، خواتین کو انصاف ، کسان کو انصاف اور مزدوروں کو انصاف ۔یہ پانچ ستون ملک کو طاقت دیں گے ۔انھوں نے کہا کہ کانگریس اگلے ایک ڈیڑھ مہینے میں عوام کے سامنے رکھیں گے ۔ پی ایم کے چہرے پر کیے گئے سوال کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ الیکشن کے بعد انڈیا اتحاد اپنا چہرہ طے کرے گا ۔ انھوں نے کہا کہ ایک طرف آر ایس ایس اور بی جے پی ہے تو دوسری طرف انڈیا اتحاد ہے ۔ انڈیا ایک نظریہ ہے ، ایک فکر ہے۔ انڈیا کے پاس ملک کا 60؍فیصد ووٹ بینک ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہم اپنے نظریہ اور سچائی کے ساتھ ہیں خواہ دنیا ایک طرف ہی کیوں نہ ہوجائے ۔ دوسری جانب اتر پردیش کے ضلع بلند شہر سے وزیر اعظم نریندر مودی عام انتخابات کی ریلی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں ۔ وہ جمعرات کو چولا کے چاند ماری میدان میں ریلی سے خطاب کریں گے ۔وہ یہاں سے کئی پروجیکٹوں کاافتتاح بھی کریں گے ۔












