میڈیا سے بات کرتے ہوئے سکھو نے کہا جس طرح بی جے پی نے سی آر پی ایف اور ہریانہ پولیس کے ساتھ ہیلی کاپٹر بھیج کر ہماچل پردیش میں حکومت کا تختہ پلٹنے کی سازش کی، وہ ناکام ہو گئی ، پارٹی کے ساتھ دھوکہ کرنے والے اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دیا جائے گا
ہماچل پردیش کا کیا ہے پورا معاملہ
ہماچل پردیش اسمبلی میں کل اراکین کی تعداد 68؍ہے
کانگریس کے پاس اراکین اسمبلی کی تعداد 40؍تھی
راجیہ سبھا الیکشن میں 6؍اراکین نے کراس ووٹنگ کی
بی جے پی کے پاس 25؍اراکین اسمبلی ہیں ،3؍آزاد
حکومت سازی کے لیے چاہئے 35؍اراکین اسمبلی
نئی دہلی :ہماچل پردیش میں بی جے پی کا لوٹس آپریشن ناکام ہو گیا اور وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو فی الحال حکومت بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم خطرہ ابھی پوری طرح سے ٹلا نہیں ہے کیونکہ وزیر وکرم آدتیہ کے استعفیٰ کے بعد حالات پھر کشیدہ ہو گئے ہیں۔اب اگر اعداد و شمار پر بات کریں تو ہماچل پردیش اسمبلی میں کل اراکین اسمبلی کی تعداد 68؍ہے۔ان میں سے کانگریس کے پاس اراکین اسمبلی کی تعداد 40؍تھی لیکن 6؍اراکین اسمبلی نے بغاوت کر دی۔اس طرح کل تعداد 34؍بچی جبکہ حکومت سازی کے لیے 35؍اراکین درکار ہیں ۔ بی جے پی کے پاس کل اراکین اسمبلی کی تعداد 25؍ہے جبکہ 3؍اراکین اسمبلی آزاد ہیں ۔ اگر 6؍باغی اراکین اور 3؍آزاد اراکین کو بی جے پی شامل کرتی ہے تو اس کی تعداد 34؍ہو جاتی ہے یعنی دونوں برابر لیکن حکومت اب بھی نہیں جا سکتی کیونکہ پارٹی کو دھوکہ دینے کے الزام میں کانگریس باغیوں کو نااہل قرار دے گی ۔اگر 6؍کو نااہل قرار دے دیا تو اسمبلی میں کل اراکین کی تعداد 62؍بچے گی اور اس طرح حکومت سازی کے لیے صرف 32؍اراکین کی ضرورت ہوگی جبکہ کانگریس کے پاس فی الحال 34؍ہیں ۔ سی ایم سکھو نے اب دعویٰ کیا ہے کہ ایک رکن اسمبلی نے معافی مانگ لی اور واپس آ گیا ہے ۔ در اصل باغی اراکین اسمبلی نے بی جے پی کے راجیہ سبھا امیدوار کو کراس ووٹنگ کی تھی جس کے بعد حکومت کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا تھا ۔ اس دوران سابق وزیر اعلی کے بیٹے اور موجودہ وزیر وکرم آدتیہ نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا اور سی ایم سکھو پر بڑے الزامات عائد کیے لیکن اس کے باوجود سکھو حکومت بچی ہوئی نظر آ رہی ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہماچل پردیش میں سیاسی بحران کے درمیان سکھو نے کہا کہ بی جے پی کانگریس حکومت کو گرانے کی سازش کر رہی ہے۔ پہاڑی ریاست میں ان کی سازش ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح انہوں نے سی آر پی ایف اور ہریانہ پولیس کے ساتھ ہیلی کاپٹر بھیج کر ہماچل پردیش میں حکومت کا تختہ پلٹنے کی سازش کی، وہ ناکام ہو گئی ۔ بدھ کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سکھو نے کہا کہ جس طرح انہوں نے (بی جے پی) نے کچھ ایم ایل اے کو خرید کر ان کو خوش کیا۔ ان کے ساتھ کچھ ایم ایل اے بھی آئے۔ ہم ان کے خلاف نااہلی کی تحریک لے کر آئے ہیں۔ وہ (کانگریس کے ایم ایل اے جنہوں نے راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی امیدوار کو ووٹ دیا تھا) اور ان کی سماعت جاری ہے۔اس یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہ کانگریس حکومت اپنی پانچ سالہ میعاد پوری کرے گی، سکھو نے کہا کہ جمہوریت میں سچائی کی جیت ہوتی ہے۔ سچ کی جیت ہوئی ہے۔ ہمارے ایم ایل اے نے آج بجٹ پاس کیا۔ ہم سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری حکومت گرانے کی سازش کی گئی ہے۔ ناکام بنا دیا گیا اور ہماری حکومت پانچ سال ضرور پورے کرے گی۔بی جے پی کے ذریعہ اپنائے گئے طریقوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے سکھو نے کہا کہ وہ اپنے تمام ایم ایل ایز کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے جو بی جے پی کی طرف راغب نہیں ہوئے۔












